دماغ کی سرجری کے بعد نوجوان کو انسانوں کے چہروں میں بلی کی شکلیں دکھائی دینے لگیں

امریکا کے شمال مشرقی علاقے سے تعلق رکھنے والا 28 سالہ نوجوان کارل دماغ کی سرجری کے بعد ایک نایاب بصری بیماری میں مبتلا ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 سالہ کارل کے غیر معمولی طبی کیفیت میں مبتلا ہونے سے اسے انسانوں کے چہروں میں بلی جیسی آنکھیں، بڑی پتلیاں اور جلد پر بلی کے بالوں جیسے نشانات دکھائی دینے لگے۔
کارل کے اس غیر معمولی طبی معاملے کی تفصیلات طبی جریدے ’کورٹیکس‘ میں شائع کی گئی ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق کارل کو چہروں کی ساخت میں تبدیلی محسوس کرنے کی ایک نایاب بیماری لاحق ہے جسے پروسوپو میٹامورفوپسیا کہا جاتا ہے، اس کیفیت میں انسانوں کو دوسرے افراد کے چہرے بگڑے ہوئے یا غیر معمولی شکل میں دکھائی دیتے ہیں۔
کارل میں اس بیماری کی علامات دماغ کے دائیں حصے میں موجود شریانوں اور رگوں کی غیر معمولی ساخت دور کرنے کے لیے کی گئی سرجری کے بعد ظاہر ہوئیں، دماغ کا یہ حصہ چہروں کو پہچاننے اور سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
3 لاکھ 15 ہزار سال پرانے انسان کا چہرہ سائنسدانوں نے دوبارہ بنا لیا
دلچسپ بات یہ ہے کہ کارل کو صرف انسانوں کے چہروں میں بلی جیسی خصوصیات دکھائی نہیں دیتیں بلکہ بعض اوقات اپنی پالتو بلی کے چہرے پر بھی اپنے جاننے والوں کی آنکھیں اور دیگر خد و خال نظر آنے لگتے ہیں، بعض اوقات ایک شخص کے چہرے کی خصوصیات دوسرے شخص کے چہرے میں بھی منتقل ہوتی محسوس ہوتی ہیں۔
کارل میں یہ تبدیلیاں 2 سال قبل سرجری کے بعد شروع ہوئی تھیں اور بعض اوقات یہ کیفیت کئی گھنٹوں سے لے کر پورے دن تک برقرار رہتی ہے۔
ڈارٹ ماؤتھ کالج کے پروفیسر بریڈ ڈوچین کے مطابق انسانی دماغ مانوس چہروں کی تفصیلات محفوظ رکھتا ہے۔
کارل کے معاملے میں یہ محفوظ شدہ خد و خال دوبارہ متحرک ہو کر سامنے موجود چہرے کے ساتھ مل جاتے ہیں جس سے یہ غیر معمولی مناظر دکھائی دیتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیماری میں چہرے کے خدوخال پھیلے ہوئے، اپنی جگہ سے ہٹے ہوئے یا سائز میں تبدیل دکھائی دے سکتے ہیں جبکہ جلد کا رنگ اور ساخت بھی غیر معمولی محسوس ہو سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کارل ان تبدیلیوں سے چھٹکارا چاہتا ہے تاہم اس نے ان کے ساتھ زندگی گزارنا سیکھ لیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کیفیت متاثرہ افراد کے لیے سماجی میل جول کو مشکل بنا سکتی ہے جبکہ اکثر لوگ دوسروں کے یقین نہ کرنے یا انہیں ذہنی مریض سمجھنے کے خوف سے اپنی علامات بیان نہیں کرتے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ