امریکا: ہزاروں صارفین کو آن لائن بینکنگ کی رسائی میں مشکلات کا سامنا

امریکا میں فلائٹ آپریشن بحران کے بعد اب ہزاروں صارفین کو متعدد بڑے مالیاتی اداروں کی آن لائن بینکنگ کی خدمات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سروسز کی بندش اور تکنیکی مسائل پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کو پیر کو ہزاروں صارفین نے اس حوالے سے شکایات کیں۔
رپورٹس کے مطابق صارفین نے جے پی مورگن چیس، بینک آف امریکا، یو ایس بینک، ویلز فارگو اور ادائیگیوں کے پلیٹ فارم زیل کی خدمات میں مسائل کی شکایات کیں، ان میں اکاؤنٹس میں لاگ اِن کرنے، بیلنس چیک کرنے اور مالی لین دین مکمل کرنے میں پیش آنے والی مشکلات شامل تھیں۔
فلائٹ آپریشن بحران: گورنر نیو یارک کا وزیر ٹرانسپورٹ سے استعفے کا مطالبہ
امریکی میڈیا کے مطابق گرین وچ معیاری وقت کے مطابق شام 6 بج کر 45 منٹ تک ڈاؤن ڈیٹیکٹر کو چیس سے متعلق 4 ہزار 600 سے زائد، جبکہ بینک آف امریکا کے حوالے سے 1 ہزار 500 سے زیادہ شکایات موصول ہو چکی تھیں۔
جے پی مورگن چیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صارف کو جواب دیتے ہوئے تکنیکی خرابی کی تصدیق کی اور کہا کہ ادارہ آن لائن بینکنگ کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بینک نے صارفین کو کچھ دیر بعد دوبارہ لاگ اِن کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی نے معاملے سے واقف ایک ذریعے کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ جے پی مورگن چیس کو درپیش تکنیکی مسئلے میں بدنیت عناصر کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے نہیں آئے۔
امریکا میں فضائی سفر کرنے والوں کو نئی مصیبت کا سامنا، امریکا بھر میں یونائیٹڈ ایئر لائنز کی پروازیں گراؤنڈ
ڈاؤن ڈیٹیکٹر سروسز میں مسائل سے متعلق صارفین کی جانب سے جمع کرائی گئی شکایات کا ڈیٹا مرتب کرتا ہے، اس لیے یہ اعداد و شمار لازماً متاثرہ صارفین کی مجموعی تعداد کی عکاسی نہیں کرتے۔
اطلاع دی گئی تکنیکی خرابیوں کی وجوہات فوری طور پر واضح نہیں ہو سکیں، جبکہ ایسے کوئی شواہد بھی سامنے نہیں آئے جن سے یہ ثابت ہو کہ تمام متاثرہ مالیاتی اداروں کو ایک ہی مسئلے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ