اڈیالہ جیل حکام کی قیدی خاتون کے سیل سے سانپ نکلنے کی تردید

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے حکام نے قیدی خاتون کے سیل سے سانپ نکلنے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ نے کہا ہے کہ جیل میں خواتین بیرک سے سانپوں کی موجودگی میں کوئی حقیقت نہیں، جیل میں قیدیوں بالخصوص خواتین قیدیوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جاتا ہے۔
بشریٰ بی بی کے سیل سے 7 چھوٹے سانپ نکلنے کا انکشاف
سپرنٹنڈنٹ جیل نے مزید کہا کہ جیل مینوئل کے مطابق خواتین قیدیوں کی جیل سہولیات، صحت اور صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ قیدیوں کے سیلز اور بیرکوں کا باقاعدگی سے جراثیم کش اسپرے کیا جاتا ہے، جیل میں موذی جانوروں سے پاک ماحول کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کا کہنا تھا کہ قیدی خاتون کے سیل سے 7 چھوٹے سانپ نکلنے کی خبر حقائق کے منافی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ