منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان، قطر کی ایران جنگ کے خاتمے کیلئے ثالثی کوششوں کی حمایت، ای سی او وزارتی اجلاس اعلامیہ

تازہ ترین
پاکستان، قطر کی ایران جنگ کے خاتمے کیلئے ثالثی کوششوں کی حمایت، ای سی او وزارتی اجلاس اعلامیہ

اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 30ویں وزارتی اجلاس کے اختتام پر اسلام آباد اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں رکن ممالک نے علاقائی تعاون، معاشی ترقی اور رابطوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایران امریکا کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور ثالثی کردار کو سراہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق رکن ممالک نے ایران جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان اور قطر کی ثالثی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا عمل جاری رکھنے پر زور دیا۔ اسلام آباد امن مذاکرات اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی قرار دیا گیا۔

اعلامیے میں رکن ممالک نے پاکستان کی جانب سے 2026 اور 2027 کے لیے ای سی او کی صدارت سنبھالنے کا خیر مقدم کیا، جبکہ اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری کو بھی سراہا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ایرانی، تاجکستانی وزرائے خارجہ سے ملاقات

رکن ممالک نے تجارت، ٹرانسپورٹ، توانائی اور ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے میں رکن ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر زور دیتے ہوئے علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ تجارتی زونز قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق افغانستان کی ای سی او سرگرمیوں میں شرکت کے معاملے پر رکن ممالک مشاورت جاری رکھیں گے۔

رکن ممالک نے غزہ کی بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

اعلامیے میں غزہ جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد اور جبری بے دخلی کی پالیسی ختم کرنے پر بھی زور دیا گیا، جبکہ یکطرفہ پابندیوں اور معاشی دباؤ کو مسترد کردیا گیا۔

اعلامیے میں لاہور کو 2027 اور مری کو 2028 کے لیے ای سی او کا سیاحتی دارالحکومت قرار دیا گیا۔ رکن ممالک نے میڈیا کے شعبے میں تعاون بڑھانے، درست معلومات کی فراہمی اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ