پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بھارتی نوجوان کرکٹرز نے بدتمیزی کی حدیں پار کردیں، راشد لطیف کا اظہارِ برہمی

تازہ ترین
بھارتی نوجوان کرکٹرز نے بدتمیزی کی حدیں پار کردیں، راشد لطیف کا اظہارِ برہمی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر و وکٹ کیپر راشد لطیف نے انڈر 19 ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کے سامنے نامناسب رویہ اختیار کرنے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں راشد لطیف نے کہا کہ انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل کے بعد بھارتی نوجوان کرکٹرز نے بدتمیزی کی حدیں پار کردیں۔

انڈر 19 ایشیا کپ: احمد شہزاد کی بھارتی ٹیم کے جارحانہ رویے پر تنقید

راشد لطیف نے کھلاڑیوں کے نامناسب رویہ کا ذمہ دار بھارتی میڈیا کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2016 کے بعد سے بھارت میں ٹی وی نشریات کا ماحول حوصلہ افزا نہیں رہا، جہاں صحافی اور اینکرز اکثر پروگراموں میں مدعو مہمانوں کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرتے ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے مزید کہا کہ جب کسی پروگرام میں دو مہمانوں کو مدعو کیا جاتا ہے تو انہیں باہمی بحث کے بجائے اس انداز میں لڑایا جاتا ہے جیسے وہ ایک دوسرے کے دشمن ہوں، جبکہ ناظرین ٹی وی پر اس صورتحال سے محظوظ ہوتے ہیں۔

راشد لطیف نے کہا کہ ایسے ماحول میں پروان چڑھنے والی نئی نسل بھی اسی طرزِ عمل سے متاثر ہورہی ہے۔ بھارتی نوجوان کرکٹرز نے بدتمیزی کی تمام حدیں پار کردیں، حالانکہ ان کی ٹیم انتظامیہ نے انہیں روکنے کی کوشش بھی کی، لیکن کھلاڑی اپنے رویے سے باز نہیں آئے۔

سابق فاسٹ بولر عبدالرؤف نے بھارتی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑی کو پاگل شخص قرار دیا

انہوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے اس نامناسب طرزِ عمل کا نوٹس لیا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

خیال رہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔

14 نومبر کو العمرات میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 337رنز بنائے، بھارت نے ہدف 9 وکٹ پر آخری گیند پر حاصل کیا۔

انڈر 19 کرکٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ رنز کے اعتبار سے سب سے بڑا مقابلہ تھا، جس میں مجموعی طور پر 676 رنز بنائے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ