پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان ای سی او کے ذریعے خطے کی ترقی، امن و استحکام کیلئے کام کرتا رہے گا، اسحاق ڈار

تازہ ترین
پاکستان ای سی او کے ذریعے خطے کی ترقی، امن و استحکام کیلئے کام کرتا رہے گا، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ای سی او کے ذریعے خطے کی ترقی اور امن و استحکام کے لیے کام کرتا رہے گا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات کے ہمراہ نیوز بریفنگ میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنی چیئرمین شپ کے پہلے سال خطے کے ملکوں کےدرمیان رابطوں کو فروغ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ای سی او کے ذریعے خطے کی ترقی اور امن و استحکام کےلیے کام کرتا رہے گا، وژن 2035ء کا مقصد خطے میں ترقی اور خوشحال کی سمت متعین کرنا ہے۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان ای سی او کے چارٹر پر مکمل عمل درآمد کےلیے پر عزم ہے، اس کے مقاصد خطے میں ترقی، خوشحالی اور امن و استحکام ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان 27-2026ء کے لیے 2 سالہ مدت کے لیے ای سی او کی صدارت سنبھالنے پر فخر محسوس کرتا ہے، پاکستان کی صدارت کا موضوع علاقائیت کا احیاء، مضبوط اور مؤثر اقتصادی تعاون ہے۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان مشترکہ خوشحالی، استحکام اور مضبوط علاقائی تعاون کے فروغ کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان ای سی او کا بانی رکن ہونے کے ناطے تنظیم کے منشور، اصولوں اور وژن کے لیے پُرعزم ہے اور علاقائی تعاون خوشحالی کے فروغ اور امن و استحکام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ یکجہتی، خود مختار باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون علاقائی ترقی کے بنیادی اصول ہیں۔ پاکستان نے اپنی صدارت کے پہلے سال میں ای سی او کو علاقائی تعاون کے عملی پلیٹ فارم کے طور پر فعال بنانے کے لیے کام کیا، رکن ممالک کے درمیان سیاسی روابط، بہتر رابطہ کاری اور وزارتی و تکنیکی سطح پر مشاورت کو فروغ دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 2026ء کے دوران ای سی او کے تحت 9 وزارتی سطح کے اجلاس اور روابط منعقد ہوئے، اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2026 سے 2035 منظور کر لیے گئے۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ اقتصادی تعاون کے نئے اسٹریٹجک اہداف آئندہ دہائی کے لیے علاقائی تعاون کی مضبوط بنیاد فراہم کریں گے، نئے وژن میں واضح اسٹریٹجک سمت اور عملی اقدامات پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای سی او وژن 2025ء بھی 2010ء کی دہائی میں پاکستان میں متعارف کرایا گیا تھا، آئندہ دہائی کا نیا وژن 2035ء بھی آج پاکستان میں متعارف کرایا گیا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا ڈیجیٹل روابط کے فروغ کے لیے قانون اور معاہدہ اہمیت رکھتے ہیں، ڈیجیٹل روابط کا فروغ معاشی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ تنازعات کا حل طاقت کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری سے ہونا چاہیے، افغانستان کی ممبر شپ معطل ہے، پاکستان افغان عبوری حکومت کو تسلیم نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف واضح ہے، ای سی او کے اس فورم پر افغان نمائندگی موجود نہیں تھی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کا پرانا پرچم استعمال کیا گیا، جو وہاں کے سابق جمہوری نظام کے دور میں استعمال ہوتا تھا، پاکستان نے نئی افغان حکومت کو تسلیم نہیں کیا، کانفرنس میں افغانستان کا پرانا جھنڈا لگایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ای سی او سیکریٹریٹ کو اس معاملےپر پاکستان سے مشاورت کرنی چاہیے تھی، افغان نمائندگی اور پرچم کے معاملے پر پاکستان نے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے، پاکستان نے افغان بارڈر بند ہونے کے باوجودہ انسانی بنیادوں پر ایک ہزار کنٹینرز کو افغانستان جانے کی اجازت دی۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران کے حوالے سے 4 اجلاس کرچکا ہوں، ایرانی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات ہوئی، ایران میں 3 اور 4 دسمبر 2026ء کو 18ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ