وزیراعظم سے او آئی سی سیکریٹری جنرل کی ملاقات، امن کیلئے پاکستانی کوششوں کی پذیرائی

تصویر سوشل میڈیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے اسلامی کانفرنس کی تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل اسماعلیل اولد شیخ احمد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق سیکریٹری جنرل او آئی سی نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔
اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ او آئی سی کو امت مسلمہ کو درپیش اہم مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی قیادت کا موقع حاصل ہے۔
دونوں رہنماؤں نے یہ عزم بھی کیا کہ او آئی سی کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، فریقین نے فلسطین اور جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو مسلم امہ کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے پر فخر ہے، پاکستان اس حوالے سے او آئی سی کی کوششوں کی حمایت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ