صوبوں پر سندھ اسمبلی، پی پی اپنا موقف دے چکیں، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر سندھ اسمبلی اور پی پی اپنا موقف دے چکی ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران شرجیل میمن نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر چاہے 100 ریفرنڈم کروا لیں، بتائیں ان کی قانونی حیثیت کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اپنی مرضی سے جو کہتے ہیں ان کو کہنے دیں، قومی اسمبلی میں حکومت بل لے کر آئے پتہ چل جائے گا۔
سندھ کے سینئر وزیر نے مزید کہا کہ دنیا کے تمام مہذب ممالک آئین کے تابع چلتے ہیں، جو اختلاف رائے ہے اس کو آئین کے مطابق چلانا ہے، سڑکوں پر بات نہیں کرنی۔
اُن کا کہنا تھا کہ کچھ جماعتیں لسانی اور نفرت انگیز ماحول بنانے کی کوشش کررہی ہیں، ہم یہ نہیں ہونے دیں گے، صوبوں کے معاملے پر سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی اپنا مؤقف دے چکی ہے۔
شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت ترقی میں سب سے آگے ہے، فارم 47 کی جماعتوں کو کراچی میں عبرتناک شکست ہوئی، کچھ جماعتیں شکست کے باوجود پروپیگنڈا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم بھاگ گئی، متحدہ کو دوبارہ کراچی کا ماحول خراب نہیں کرنے دیں گے، کراچی کو انہوں نے ڈسٹرب کیا تو یہ پاکستان کی معیشت کو ڈسٹرب کرنا ہوگا، ہم ایسا نہیں کرنے دیں گے۔
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی صوبوں پر اپنا موقف دے چکی ہے، سندھ حکومت صوبوں سے متعلق اپنے موقف پر قائم ہے، آئین میں صوبے بنانے کا طریقہ کار موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک وفاقی وزیر نے ریفرنڈم کا کہا، کل کوئی کہے گا فال نکالیں، ٹاس کرلیں، موجودہ آئین میں ریفرنڈم کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ صوبوں کے کچھ حامی نہیں، کچھ مخالف ہیں، ہمیں اس پر کفر کا فتویٰ نہیں دینا چاہیے، صوبوں کے معاملے پر فتوے نہیں چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسی جماعت کو اجازت کے بغیر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جلسے کی تاریخ اور جگہ کا تعین حکومت کرے گی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ