پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بھارت: باپ پر تشدد کے بعد دو بیٹیوں کی سڑک کنارے ہوٹل میں توڑ پھوڑ، ویڈیو وائرل

تازہ ترین
بھارت: باپ پر تشدد کے بعد دو بیٹیوں کی سڑک کنارے ہوٹل میں توڑ پھوڑ، ویڈیو وائرل

تصویر سوشل میڈیا۔

شمالی بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر وارانسی میں دو خواتین کی جانب سے سڑک کنارے قائم ایک ریسٹورنٹ میں توڑ پھوڑ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو شیئر کرنے والے صارفین کا دعویٰ ہے کہ دونوں لڑکیاں بہنیں ہیں اور ریسٹورنٹ کے عملے کی جانب سے ان کے والد پر حملے کے باعث شدید غصے میں تھیں۔

رپورٹس کے مطابق 4 نومبر کو خواتین کے والد کا ریسٹورنٹ کے عملے کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا، جو شدت اختیار کرگیا اور عملے نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

اہل خانہ نے اس واقعے کے خلاف بھیلوپور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی، تاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ پولیس کی جانب سے کارروائی نہ ہونے پر مایوس ہوکر دونوں بہنوں نے خود ہی معاملے سے نمٹنے کا فیصلہ کیا۔

علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں خواتین اسکوٹر پر وہاں پہنچتی ہیں اور ریسٹورنٹ اور اس کے اطراف کی ویڈیو بنانا شروع کردیتی ہیں۔ اسی دوران ان میں سے ایک خاتون اچانک ریسٹورنٹ کی جانب بڑھتی ہے اور ڈوسا بنانے کے لیے تیار کیے گئے آمیزے سے بھرا برتن الٹ دیتی ہے۔

ویڈیو میں خاتون کو ایک ملازم پر پانی پھینکتے اور چیخ کر یہ کہتے بھی سنا جاسکتا ہے کہ اسے (ریسٹورنٹ کو) بند کردو۔ ریسٹورنٹ کے مالک کے مطابق خواتین کسی کی بات سننے کو تیار نہیں تھیں، جس کے بعد انہوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ مالک کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ریسٹورنٹ کے قریب کھڑے مقامی افراد اس واقعے پر حیران دکھائی دیے۔ ان میں سے ایک شخص نے خواتین کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی، تاہم اس کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔

ویڈیو میں ایک مقامی شخص خاتون سے کہتا ہے، یہاں بچے بھی موجود ہیں، آپ کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے۔ آپ یہاں ہنگامہ کیوں کر رہی ہیں؟ تاہم خاتون اسے خاموش رہنے کا کہتی ہیں۔

بعدازاں دیگر مقامی افراد بھی صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے مداخلت کرتے ہیں۔ ان میں سے ایک شخص دوسری خاتون سے موبائل فون چھیننے کی کوشش بھی کرتا ہے، جو اس دوران لوگوں سے معذرت کرتی دکھائی دیتی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (اے سی پی) گرروو کمار کے مطابق پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ