پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بھارت: چھٹیاں منانے آبائی گھر آنے والی ایئر ہوسٹس کو چاقو کے وار سے قتل کردیا گیا

تازہ ترین
بھارت: چھٹیاں منانے آبائی گھر آنے والی ایئر ہوسٹس کو چاقو کے وار سے قتل کردیا گیا

فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ایئرہوسٹس کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا، پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پونے میں مقیم ورشا اپنی ڈھائی سالہ بیٹی کے ہمراہ دیوالی منانے آبائی گاؤں کنہی آئی ہوئی تھیں۔ 14 نومبر کو وہ اپنے جاننے والے ریتیش اگروال کے ساتھ وائن گنگا دریا کے کنارے گئی تھیں، جہاں ان پر حملہ ہوا۔

واقعے کے بعد ریتیش نے ورشا کے بہنوئی اشون کو فون کرکے بتایا کہ انہیں چند افراد نے لوٹ مار کی کوشش کے دوران نشانہ بنایا ہے اور ورشا کو چاقو کے وار کرکے زخمی کردیا ہے۔

اطلاع ملنے پر اہل خانہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو ورشا خون میں لت پت پڑی تھی۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے شام 7 بجے کے قریب اسے مردہ قرار دے دیا۔

پولیس کے مطابق ورشا کے جسم پر چاقو کے چار زخم تھے، جن میں ایک زخم کمر پر بھی تھا۔ ابتدائی طور پر واقعے کو ڈکیتی کی واردات سمجھا گیا، تاہم پولیس دیگر پہلوؤں سمیت اس کے دوست ریتیش کے ممکنہ کردار کی بھی تحقیقات کررہی ہے۔

پولیس نے واقعے کی تفصیلات جاننے کے لیے ریتیش اور ورشا کے بہنوئی اشون سے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔ تاہم اب تک کسی کے ملوث ہونے سے متعلق باضابطہ نتیجہ سامنے نہیں آیا۔

ورشا کے والد دھورلال ترکر کے مطابق ان کی بیٹی پونے میں ایئرہوسٹس کے طور پر کام کرتی تھیں اور 2024 میں سمر سید سے شادی کی تھی۔ انہوں نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ