وزیراعظم کی ایس ایم ایز برآمد کنندگان کے وفد سے ملاقات، 300 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان

وزیراعظم سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ برآمد کنندگان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ایس ایم ایز کے فروغ اور انہیں درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کی برآمدات بڑھانے کے لیے ایکسپورٹ فنانس اسکیم میں 300 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ برآمد کنندگان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ایس ایم ایز کے فروغ اور انہیں درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کسی بھی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، ان کی برآمدات بڑھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کا مقصد ایس ایم ایز کے لیے برآمدات کے عمل میں آسانیاں پیدا کرنا ہے، مختص کیے گئے 300 ارب روپے صرف چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور نئے برآمد کنندگان کے لیے مخصوص ہوں گے۔
وزیراعظم نے ڈسٹرکٹ کی سطح پر ایس ایم ای سہولت سینٹرز قائم کرنے کی منظوری بھی دے دی۔
اعلامیے کے مطابق پائلٹ منصوبے کے تحت لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں سہولت سینٹرز قائم کیے جائیں گے، کامیابی کے بعد ان کا دائرہ کار بتدریج تمام اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔
وزیراعظم نے عوام میں کاروبار کے قیام سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور سمیڈا کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دینے کی ہدایت بھی کی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے وفد کی قابل عمل تجاویز پر غور کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی، وفد کے شرکا نے ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر، جام کمال، مصدق ملک، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا تارڑ اور شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایس ای سی پی نے شرکت کی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ