عدلیہ کو خط حقائق کے منافی اور جھوٹ ہے، طارق فضل چوہدری

طارق فضل چودھری(فائل فوٹو)۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عدلیہ کو خط حقائق کے منافی اور جھوٹ ہے، دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود این آر او مانگ رہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ طبی سہولتوں کی عدم فراہمی کا شور جھوٹ ہے، بانی پی ٹی آئی کو جو سہولتیں حاصل ہیں وہ ملک میں کسی بھی قیدی کو حاصل نہیں۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا باقاعدگی سے ماہر ڈاکٹرز چیک اپ کرتے ہیں، 8 مرتبہ ان کو جیل سے باہر ماہر ڈاکٹروں کو دکھایا گیا۔
انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے چیک اپ کیلئے بیرون ملک سے بھی ڈاکٹر منگوا کر چیک اپ کرایا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف صرف عدالتوں سے ہی مل سکتا ہے، وہ کسی سیاسی انتقام کے نتیجے میں جیل میں نہیں، 190ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کی وجہ سے جیل میں ہیں۔
مجھے برین ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ ہے، زندہ رہوں گا تو بے گناہی ثابت کروں گا: بانئ پی ٹی آئی کا خط
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ رقم پاکستان کے قومی خزانے میں آنی تھی جو کسی اور اکاؤنٹ میں بھیجی گئی، اس کے بدلے میں ساڑھے چار سو کنال زمین تحفے میں ملی۔
انھوں نے کہا کہ یہ کریشن کا اوپن اینڈ شٹ کیس ہے جس کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، خط میں طبی سہولتوں کی عدم فراہمی سمیت تمام الزامات بےبنیاد ہیں۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 22 گھنٹے کی قید تنہائی، کتابیں اور ٹی وی نہ ہونے کی الزامات بھی بےبنیاد ہیں، جو خوراک انہیں پسند ہوتی ہے انہیں وہی دی جاتی ہے۔ حکومت بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق کسی طور پر غافل نہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ