اسلام آباد ہائیکورٹ: بری امام ہاؤس سیل کرنے کیخلاف درخواست نمٹا دی گئی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس سیل کرنے کے خلاف درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹادی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ درخواست گزار 5 روز میں سی ڈی اے کو بری امام ہاؤس کی ملکیت کے دستاویزات جمع کرائے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا کہ درخواست گزار کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ اس زمین کا مالک اور قابض ہے، جس پر یہ عمارت قائم ہے، زمین کے خسرہ نمبر وہی ہونے چاہئیں جو اس کی ملکیتی دستاویزات میں درج ہیں۔
عدالتی ہدایات میں مزید کہا گیا کہ سی ڈی اے درخواست گزار کی دستاویزات اور اپنے ریکارڈ کا جائزہ لے کر 2 دن میں فیصلہ کرے۔
عدالتی ہدایات میں یہ بھی کہا گیا کہ سی ڈی اے کا فیصلہ قانون کے مطابق ہونا چاہیے، اس کی نقل درخواست گزار کو بھی فراہم کی جائے، درخواست گزار زمین کی ملکیت ثابت نہیں کرتا تو سی ڈی اے کارروائی کا مجاز ہوگا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ