جنوبی کوریا: ٹیکس اکاؤنٹنٹ امتحان میں پہلی پوزیشن لینے والے امیدوار کا مصنوعی ذہانت سے نقل کرنے کا اعتراف

جنوبی کوریا میں ٹیکس اکاؤنٹنٹ کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار نے مصنوعی ذہانت اور الیکٹرانک آلات کی مدد سے نقل کرنے کا اعتراف کر لیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امیدوار نے اپنے اعترافِ جرم کے ساتھ معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے الیکٹرانک آلات اور جنریٹیو مصنوعی ذہانت کی مدد سے امتحان میں نقل کی تھی۔
امیدوار نے اپریل اور جولائی میں ہونے والے امتحانات میں غیر معمولی نمبر حاصل کیے تھے، جس کے بعد کئی ماہ سے اس کی کامیابی پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔
مصنوعی ذہانت کا صرف 10 منٹ استعمال بھی ہمت کم کر سکتا ہے: تحقیق میں انکشاف
صرف 160 سوالات میں 1 غلط جواب دینے والے امیدوار نے یوٹیوب چینل پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا منصفانہ محنت کا نتیجہ نہیں تھا۔
امیدوار ہان نے بتایا ہے کہ میں نے مائیکرو کیمرے سے امتحانی سوالات کی تصاویر بنائیں، انہیں مصنوعی ذہانت کے ایک ٹول پر بھیجا اور اسمارٹ فون کے ذریعے جوابات حاصل کیے۔
اس نے پہلے مرحلے میں 400 میں سے 397.5 نمبر حاصل کیے تھے، جبکہ اسمارٹ گلاسز کے ذریعے نقل کرنے کے الزامات کی ابتداء میں تردید کی تھی۔
ہان نے انکشاف کیا ہے کہ میں سیؤل پولیس کو تحریری اعترافی بیان بھی جمع کرا چکا ہوں۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کی وزیرِ اعظم ہان سونگ سوک نے بھی مصنوعی ذہانت کی مدد سے نقل کے معاملے پر عوامی تشویش کا اعتراف کیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ