نیتن یاہو کھوکھلے وعدے کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے: جو بائیڈن

سابق امریکی صدر جو بائیڈن اور اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو — فائل فوٹو
امریکا کے سابق صدر جو بائیڈن نے انکشاف کیا ہے کہ نیتن یاہو کھوکھلے وعدے کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ کے دوران نیتن یاہو نے شہریوں کے جانی نقصان کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کے بارہا وعدے کیے، لیکن انہیں پورا کرنے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
سابق امریکی صدر نے اپنی نئی یادداشتوں میں اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کے رویے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ نیتن یاہو مسلسل اپنے وعدوں سے انحراف کرتے رہے۔
جو بائیڈن نے اپنی کتاب ’پرومس می، امریکا‘ کے پیشگی نسخے میں لکھا ہے کہ میں تنازع کے آغاز ہی سے اسرائیل پر زور دیتا رہا تھا کہ وہ شہریوں کی تکالیف کم کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرے۔
بیماری و علاج کے باعث میری سرگرمیاں محدود ہو گئی ہیں: جو بائیڈن کا پہلی بار کینسر میں مبتلا ہونے کا اعتراف
انہوں نے لکھا ہے کہ میں نے بی بی (نیتن یاہو) کے ساتھ متعدد نجی ملاقاتوں اور گفتگو میں ان خدشات کا اظہار کیا تھا۔
جو بائیڈن کے مطابق نیتن یاہو اس بات کو تسلیم کرتے تھے کہ بڑھتی ہوئی ہلاکتیں اسرائیل کی عالمی ساکھ اور جنگ کے لیے امریکی حمایت کو نقصان پہنچا رہی ہیں لیکن ان کی جانب سے ایک ہی طرزِعمل بار بار دہرایا جاتا رہا۔
انہوں نے لکھا ہے کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم احتیاطی تدبیر اختیار کرنے کا وعدہ کرتے لیکن اس کے بعد ایک اور جارحانہ کارروائی ہوتی، جس میں مزید فلسطینی شہری مارے جاتے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ جب ہم اسرائیلیوں سے ان کارروائیوں پر جواب طلب کرتے تو ان کے پاس ہمیشہ کوئی نہ کوئی وضاحت یا جواز موجود ہوتا، لیکن نتیجہ ہر بار ایک ہی نکلتا۔
سابق امریکی صدر کے مطابق بی بی ایسے وعدے کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے تھے جنہیں پورا کرنے کی نہ تو ان میں صلاحیت تھی اور نہ ہی ان کا ایسا کرنے کا کوئی ارادہ تھا۔
بائیڈن نے کہا ہے کہ اگرچہ میں سمجھتا تھا کہ وہ شدید دباؤ میں کام کر رہے ہیں، لیکن ان کی اس ناکامی پر مجھے مایوسی تھی کہ وہ ایک مدبر کی طرح سوچنے اور صرف اپنی قلیل مدتی سیاسی ضروریات کے بجائے اسرائیل کے طویل مدتی مفادات کے تحفظ پر توجہ دینے سے قاصر رہے۔
جمعے کے روز امریکی میڈیا کے مختلف اداروں میں شائع ہونے والے ان اقتباسات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان کشیدہ تعلقات کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں، ان یادداشتوں کی اشاعت 17 نومبر کو متوقع ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ