نئے صوبوں کے قیام پر پیپلز پارٹی کے مؤقف میں کوئی تضاد نہیں: رضا ربانی

سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی---فائل فوٹو
سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں یا انتظامی اکائیوں کے قیام سے متعلق پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے اور اس میں کوئی تضاد نہیں۔
ایک بیان میں میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے اور عوام کی امیدوں، امنگوں اور مختلف تحریکوں کی ترجمان ہے، پیپلز پارٹی آئین کے آرٹیکل 239 (4) کے تحت صوبے کے عوام کی مرضی کو عملی شکل دینے کی حامی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام صوبے کی جغرافیائی حدود میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کو مسترد کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ریفرنڈم کا نتیجہ کچھ بھی ہو، آئین کے آرٹیکل 239 (4) کی دفعات کا اطلاق بہرحال ہو گا۔
رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی صوبے کی حدود میں تبدیلی کے معاملے پر صدر کی توثیق سے قبل متعلقہ صوبائی اسمبلی سے 2 تہائی اکثریت کے ساتھ منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ