پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

زمین گرم ہو رہی ہے، مگر بعض شہر سرد کیوں پڑ رہے ہیں؟ سائنسدانوں کا اہم انکشاف

تازہ ترین
زمین گرم ہو رہی ہے، مگر بعض شہر سرد کیوں پڑ رہے ہیں؟ سائنسدانوں کا اہم انکشاف

گلوبل وارمنگ کے باعث زمین کے اوسط درجۂ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے لیکن حیران کن طور پر بعض شہر ایسے بھی ہیں جہاں دن کے وقت درجۂ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے سائنسدانوں نے عالمی سطح پر تقریباً 14 سو شہروں کے سیٹلائٹ مشاہدات پر مبنی ایک تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ بیشتر شہری علاقوں میں درجۂ حرارت بڑھ رہا ہے اور چند مقامات پر ٹھنڈک کا رجحان بھی سامنے آیا ہے۔

سائنسدانوں نے تحقیق کے دوران 2002ء سے 2021ء کے دوران شہروں کی زمین کی سطح کے درجۂ حرارت کا جائزہ لیا گیا۔

اس تحقیق کے نتائج کے مطابق دنیا کے 86 فیصد شہروں میں دن کے وقت درجۂ حرارت بڑھا اور 96 فیصد شہروں میں رات کے وقت درجۂ حرارت میں اضافہ ہوا جبکہ صرف 3.9 فیصد شہروں میں دن کے وقت درجۂ حرارت میں نمایاں اور شماریاتی طور پر قابلِ اعتبار کمی ریکارڈ کی گئی اور رات کے وقت نمایاں ٹھنڈک کا رجحان تقریباً نہ ہونے کے برابر تھا۔

سائنسی جریدے ’کمیونیکیشنز ارتھ اینڈ انوائرمنٹ‘ میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے نتائج کے مطابق بعض شہروں میں دن کے وقت درجۂ حرارت میں کمی کے پیچھے کئی قدرتی اور انسانی عوامل موجود ہو سکتے ہیں۔

1۔ فضائی آلودگی کے ذرات

فضا میں موجود ایروسولز یعنی انتہائی باریک ذرات سورج کی روشنی کو جذب کر سکتے ہیں اور اس وجہ سے زمین کی سطح تک پہنچنے والی شمسی توانائی کم ہو سکتی ہے۔

گلوبل وارمنگ اور کولنگ: دونوں بڑے خطرات

بھارت، ایران، افغانستان اور شمال مشرقی چین کے بعض شہری علاقوں میں ایروسولز کی بڑھتی ہوئی مقدار دن کے وقت سطحی درجۂ حرارت میں کمی سے منسلک کی گئی ہے۔

سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ یہ ٹھنڈک فضائی آلودگی کے نقصان دہ اثرات کی قیمت پر حاصل ہو سکتی ہے۔

آلودگی انسانی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کرتی ہے اور بارشوں و بادلوں کے نظام کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔

2۔ درختوں اور سبزے میں اضافہ

شہری علاقوں میں درخت اور پودے گرمی کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

درختوں کی چھاؤں سورج کی براہِ راست تپش سے زمین کو محفوظ رکھتی ہے، جبکہ پودوں کے ذریعے پانی کے بخارات بننے کا عمل ماحول سے حرارت جذب کرتا ہے۔

چین اور بھارت کے بعض علاقوں میں شجرکاری اور زرعی سرگرمیوں کے نتیجے میں سبزے میں اضافے کو بھی دن کے وقت سطحی درجۂ حرارت میں کمی کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔

3۔ بادل، نمی اور موسمی ہواؤں کا نظام

بادل سورج کی روشنی کو زمین تک پہنچنے سے روک سکتے ہیں، جس سے دن کے وقت درجۂ حرارت کم رہتا ہے۔

اسی طرح زمین میں نمی کی زیادہ مقدار بخارات بننے کے عمل کو تیز کرتی ہے، جو سطح کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

ایل نینو (El Niño) اور لا نینا (La Niña) جیسے قدرتی موسمی مظاہر بھی مختلف خطوں میں درجۂ حرارت کے اتار چڑھاؤ کا سبب بنتے ہیں۔

گلوبل وارمنگ کے باوجود شدید سردی کیسے پڑ سکتی ہے؟

سائنسدانوں کے مطابق گلوبل وارمنگ کا مطلب یہ نہیں کہ دنیا کے ہر شہر میں ہر موسم کے دوران گرمی ہی بڑھے گی۔

دنیا ایک بار پھر ’’سپر ایل نینو‘‘ کے دہانے پر؟ ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

جنوری 2026ء میں اس کی نمایاں مثالیں سامنے آئیں۔ عالمی اوسط درجۂ حرارت معمول سے بلند ہونے کے باوجود شمالی نصف کرہ کے کئی علاقوں میں شدید سردی پڑی۔

رواں سال فن لینڈ کے شہر لاپین رانتا میں درجۂ حرارت منفی 31.5 ڈگری سینٹی گریڈ، سائبیریا کے بعض علاقوں میں درجۂ حرارت منفی 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور نیویارک کے سینٹرل پارک میں ایک ہی برفانی طوفان کے دوران تقریباً 29 سینٹی میٹر برف پڑی۔

اس کے برعکس آسٹریلیا کے شہر رینمارک میں درجہ حرارت 49.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو وہاں کا ریکارڈ گرم دن تھا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ