ٹرمپ کی چین روانگی سے قبل تیسرا امریکی طیارہ بردار بحری جہاز مشرقِ وسطیٰ پہنچ گیا

امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ مشرقِ وسطیٰ پہنچ گیا، جہاں اس نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی پر مامور امریکی بحری دستوں میں شمولیت اختیار کر لی۔
گزشتہ روز ہونے والی یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایشیائی دورے پر روانہ ہونے کی تیاری کر رہے ہیں، جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ اس خطے میں پہلے سے موجود یو ایس ایس جارج واشنگٹن اور یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش کے ساتھ شامل ہو گیا۔
امریکا، چین و روس کے صدور کی ایک ساتھ پہلی مرتبہ ملاقات جمعرات کو ہو گی: امریکی میڈیا
یہ تعیناتی ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور ٹرمپ انتظامیہ کے اندر تہران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے امکان پر جاری مشاورت کے تناظر میں کی گئی ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں 3 امریکی طیارہ بردار جنگی گروپوں کی موجودگی خطے میں امریکی بحری طاقت کے بڑے مظاہرے کی حیثیت رکھتی ہے، رواں سال اپریل میں بھی اسی نوعیت کی تعیناتی کی گئی تھی۔
2003ء کی عراق جنگ کے بعد پہلی مرتبہ 3 امریکی طیارہ بردار بحری جہاز بیک وقت اس خطے میں سرگرم تھے۔
دوسری جانب امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسینٹ نے خبردار کیا ہے کہ ایران کو تاریخ کے بدترین معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور آئندہ ایک سال کے دوران اس کی معیشت 25 فیصد سکڑنے کا امکان ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسینٹ نے کہا ہے کہ آئندہ 1 سال کے دوران ایران کی معیشت 25 فیصد تک سکڑ سکتی ہے، یہ تاریخ کی تیز ترین معاشی تباہیوں میں سے ایک ہے۔
بیسینٹ نے گزشتہ ماہ ایران انٹرنیشنل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بھی اسی نوعیت کا انتباہ جاری کیا تھا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ