پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پوجا کا پرساد کھانے پر ماں کے بہیمانہ تشدد سے 4 سالہ بچی دم توڑ گئی

تازہ ترین
پوجا کا پرساد کھانے پر ماں کے بہیمانہ تشدد سے 4 سالہ بچی دم توڑ گئی

بھارتی ریاست بہار میں پوجا کا پرساد کھانے پر ماں نے مبینہ طور پر اپنی 4 سالہ بیٹی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بچی دم توڑ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بچی کی شناخت سوہانی کماری کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ملزمہ ماں کی شناخت رینا کماری کے نام سے کی گئی ہے۔

بچی کے والد کے مطابق گھر میں پوجا کی تیاریاں جاری تھیں اور رینا کماری پوجا کے لیے پرساد تیار کر رہی تھی، اسی دوران بچی نے مبینہ طور پر پرساد میں شامل ایک کھانے کی چیز اٹھا کر کھا لی جس پر ماں طیش میں آ گئی اور بچی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

کراچی: کمسن بچہ ماں اور سوتیلے باپ کے تشدد سے جاں بحق

تشدد کے بعد بچی کی طبیعت بگڑ گئی جس پر ماں اسے نجی اسپتال لے گئی تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بچی کو مردہ قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ والد راجو پاسوان نے بیٹی کی موت پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بیوی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بچی کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹی کی موت کے بعد میرے لیے تہوار کی کوئی خوشی باقی نہیں رہی اور میں اپنے دیگر بچوں کی پرورش خود کروں گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد بچی کی موت کی اصل وجوہات واضح ہوں گی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ