خطے کا استحکام، خوشحالی ای سی او رکن ممالک کے مفادات سے جڑے ہیں: عراقچی کا اسلام آباد میں خطاب

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی---فائل فوٹو
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا نے جارحیت، دھمکیوں، ٹارگٹ کلنگ، معاشی دباؤ، ناکہ بندی کا راستہ اختیار کیا، امریکی اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 30 ویں وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اجلاس کے انعقاد پر پاکستان اور پاکستانی وزارتِ خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
عباس عراقچی نے نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی ای سی او میں قیادت اور پرتپاک میزبانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران کی علاقائی سالمیت کے خلاف جارحیت کی مذمت اور ایرانی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرنے والے ممالک کے شکر گزار ہیں۔
ایران پر نئے اسرائیلی حملے عالمی منڈیوں کے لیے تباہ کن ہوں گے، عباس عراقچی
انہوں نے کہا کہ ای سی او کو اجتماعی اقدامات، مضبوط تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کے لیے مؤثر پلیٹ فارم بنانا ہو گا، تجارت، ٹرانسپورٹ اور توانائی تنظیم کے تعاون کے 3 اہم اسٹریٹجک ستون ہونے چاہئیں۔
ایرانی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ علاقائی روابط کا فروغ، تجارت میں سہولت اور توانائی کے شعبے میں تعاون خطے کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے ای سی او تجارتی معاہدے میں اصلاحات کے لیے تکنیکی مذاکراتی کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ ہم نئے اور مؤثر تجارتی معاہدے کے لیے مذاکراتی عمل میں شامل ہوں۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں پر کاربند ہے اور گزشتہ 2 سال سے سفارتی روابط اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے پُرعزم رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر اور متعدد اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام امریکا کی جارحانہ کارروائیوں میں شہید ہوئے، جبکہ ایران میں 5 ہزار سے زائد شہری شہید ہوئے، جن میں مناب اسکول کے 168 طلبہ اور اساتذہ بھی شامل ہیں۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتِ حال امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کی صورتِ حال انسانیت کے لیے شرم ناک ہے، غزہ گزشتہ 3 سال سے مکمل نسل کشی کا سامنا کر رہا ہے، غزہ میں جنگی جرائم، نسل کشی، تباہی اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی جاری ہے، مغربی کنارے، مقبوضہ القدس میں اسرائیلی آباد کاری، فلسطینیوں کے خلاف حملوں میں شدت تشویش ناک ہے۔
ٹرمپ کا ایران کیخلاف معاشی جنگ کا اعلان امریکا کیلئے مزید شکست لائے گا: عباس عراقچی
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جیلوں میں تقریباً 10 ہزار فلسطینی قیدیوں کی حالتِ زار پر بھی توجہ دینا ہو گی، غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لیے اسرائیلی ناکہ بندی ختم کرائی جائے، غزہ کے بےگھر فلسطینیوں کو خوراک، ادویات، عارضی پناہ گاہوں کی فوری ضرورت ہے، غزہ میں 15 لاکھ سے زائد بے گھر فلسطینیوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری غزہ اور مغربی کنارے کے انسانی بحران پر خاموشی اور لاتعلقی ختم کرے، خطے کا استحکام اور خوش حالی ای سی او کے تمام رکن ممالک کے مفادات سے جڑے ہیں، ایران ای سی او کے تحت مضبوط، مؤثر، نتیجہ خیز علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے ای سی او رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کو 4 دسمبر کو تہران میں سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ