بشریٰ بی بی کی طبیعت ناساز، علاج و سرجری کیلئے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست دائر

بشریٰ بی بی---فائل فوٹو
بانیٔ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے علاج اور سرجری کے لیے اسپتال منتقل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
بشریٰ بی بی نے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے درخواست دائر کی ہے، جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مکمل طبی ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو سرجری کے لیے تمام ضروری سہولتیں بروقت فراہم کی جائیں اور فوری طبی نگہداشت و علاج کے لیے کسی خصوصی اسپتال منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔
190 ملین پاؤنڈ کیس، بانی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت 5 اکتوبر کیلئے مقرر
درخواست کے مطابق 10 نومبر کو ملاقات کے دوران بانئ پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی صحت کی سنگینی سے آگاہ کیا تھا، جبکہ 15 نومبر کو بشریٰ بی بی نے آنکھ کی ممکنہ سرجری سے متعلق بھی بتایا تھا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو دیکھنے میں مشکلات اور آنکھ میں تکلیف کا سامنا تھا، تاہم شکایت کے 7 سے 8 روز بعد جیل میں ڈاکٹر نے ان کا طبی معائنہ کیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر نے بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری کی جائے گی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ