حنا جاوید قتل کیس: 86 روز گزرنے کے باوجود چالان جمع نہ ہوا، سی پی او سے جواب طلب

راولپنڈی میں حنا جاوید قتل کیس کا تقریباً 3 ماہ گزرنے کے باوجود پولیس چالان جمع نہ کرانے پر ڈسٹرکٹ پراسیکیوشن برانچ نے نوٹس لے لیا۔
ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے سی پی او راولپنڈی کو خط لکھ کر جواب طلب کر لیا۔
خط کے مطابق قانون کے تحت پولیس 14 روز میں چالان پیش کرنے کی پابند ہے، تاہم 86 روز گزرنے کے باوجود ہائی پروفائل قتل کیس کا چالان تاحال پیش نہیں کیا جا سکا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 173 کے تحت رپورٹ جمع کرانے کی مقررہ مدت مکمل ہو چکی، اس کے باوجود چالان جانچ پڑتال کے لیے جمع نہیں کرایا گیا۔
راولپنڈی: حنا جاؤید قتل کیس، ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور
ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے متعلقہ ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کو قانونی کارروائی مکمل کر کے رپورٹ جانچ پڑتال کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ حنا جاوید کو رواں سال 20 اگست کو ان کے گھر میں تشدد کر کے قتل کیا گیا تھا، واقعے کا مقدمہ تھانہ سول لائن راولپنڈی میں درج ہے۔
مقتولہ کا شوہر فیصل اصغر اور ملازم ذیشان جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔
دوسری جانب مقتولہ کے اہلِ خانہ نے پولیس تفتیش پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ