قوم پرست جماعتیں بتائیں کہ سندھ 1 ہے توشہروں کا کوٹا کیوں ہے؟ علی خورشیدی

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی—فائل فوٹو
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا ہے کہ جعلی ڈومیسائل پر کراچی کی سیٹ پر ڈاکا مارا جا رہا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی بجٹ میں بڑا حصہ شہری علاقوں کا ہے، کراچی چلتا ہے تو سندھ سمیت پاکستان پلتا ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی جانب داری کا مظاہرہ دہائیوں سے کر رہی ہے،سچ بولو تو کہتے ہیں پروپیگنڈا کر رہے ہیں، جبکہ وزیرِ اطلاعات سندھ فیورٹ ازم کو اہمیت دیتے ہیں۔
سندھ حکومت کی نااہلی نے ایک اور معصوم جان لے لی، علی خورشیدی
علی خورشیدی نے کہا کہ دنیا ٹیکس دہندگان کو ترجیح دیتی ہے، بین الاقوامی جریدے کے سروے میں کراچی دنیا کا بدترین شہر بن گیا، وہیں ورلڈ بینک کہتا ہے کہ کراچی میں کم سے کم 15 ہزار بسیں ہونی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ ظالم ہیں، صوبائی حکومت 18 سال میں ایک بوند پانی لوگوں کو نہیں دے سکی۔
متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما نے کہا کہ یہ قوم پرست جماعتیں بتائیں کہ سندھ ایک ہے تو شہروں کا کوٹا کیوں ہے؟
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا ہے کہ کیماڑی، ملیر، گڈاپ کا بچہ لیاری میڈیکل یونیورسٹی میں داخلہ نہیں لے سکتا، ایم ڈی کیٹ میں جعلی ڈومیسائل کے ذریعے ظلم کیا گیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ