کیا چند روز زیادہ میٹھا کھانے سے شوگر طویل عرصے تک بڑھ سکتی ہے؟

چند روز تک زیادہ مٹھائیاں، عام میٹھی غذائیں اور میٹھے مشروبات استعمال کرنے سے خون میں شوگر کی سطح متاثر ہو سکتی ہے تاہم صحت مند افراد میں اس کے طویل عرصے تک برقرار رہنے کے شواہد نہیں ملے۔
طبی تحقیق کے مطابق زیادہ میٹھی غذائیں کھانے سے جگر میں چربی بڑھ سکتی ہے اور انسولین کے اثرات کم ہوتے ہیں تاہم اس کا انحصار ہر شخص کی صحت اور جسمانی کیفیت پر ہوتا ہے۔
میٹھا کھانے کے بعد جسم میں کیا ہوتا ہے؟
غذاء میں موجود کاربوہائیڈریٹس ہضم ہو کر شوگر میں تبدیل ہو جاتے ہیں جس سے خون میں شوگر بڑھتی ہے، جسم انسولین کی مدد سے اس شوگر کو استعمال کرتا ہے اور اس کی سطح معمول پر لاتا ہے۔
کن افراد کو زیادہ خطرہ ہے؟
ذیابیطس سے پہلے کی کیفیت (پری ڈائیبیٹک) اور ذیابیطس کے مریضوں میں زیادہ میٹھا کھانے سے شوگر لیولز زیادہ متاثر ہوتے ہیں، بعض اوقات تقریبات کے دوران پہلی بار شوگر بڑھنے کا علم بھی پہلے سے موجود غیر تشخیص شدہ ذیابیطس کی نشاندہی کرتا ہے۔
نیند اور جسمانی سرگرمی بھی اہم ہیں
جسمانی سرگرمی میں کمی، نیند کی خرابی، ذہنی دباؤ اور طویل بیماری بھی شوگر بڑھا سکتی ہے، صرف چینی چھوڑنا کافی نہیں کیونکہ چاول، روٹی، آلو، شہد اور گڑ بھی شوگر بڑھانے والے اجزاء ہیں۔
شوگر معمول پر کیسے لائیں جائے؟
طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ متوازن غذاء کھائیں، سبزیاں، دالیں، انڈے اور مچھلی استعمال کریں، میٹھے مشروبات کے بجائے پانی پئیں، کھانے کے بعد چہل قدمی کریں اور نیند پوری کریں۔
شوگر کم کرنے کے لیے فاقہ نہ کریں اور ادویات ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر کبھی تبدیل نہ کریں۔
شوگر کی جانچ کب ضروری ہے؟
اگر معمول کی خوراک پر واپس آنے کے باوجود شوگر مسلسل زیادہ رہے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں، خالی پیٹ شوگر 126 ملی گرام فی ڈیسی لیٹر یا اس سے زیادہ ہونا ذیابیطس کی علامت ہے جس کی تصدیق لیبارٹری ٹیسٹ سے ضروری ہے۔
3 ماہ کی اوسط شوگر جانچنے کے لیے ایچ بی اے ون سی ٹیسٹ بھی کیا جاتا ہے۔
پیٹ کی چربی کم کرنے کیلئے گھر پر کی جانیوالی 7 آسان ورزشیں
مسلسل پیاس، بار بار پیشاب، غیر متوقع وزن میں کمی، قے، پیٹ میں درد یا غنودگی جیسی علامات کو نظر انداز نہ کریں، شدید علامات کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کریں۔
ماہرین کے مطابق چند روز زیادہ میٹھا کھانے سے ہر شخص کی شوگر کئی ہفتوں تک نہیں بڑھتی تاہم مسلسل غیر معمولی شوگر کو محض زیادہ مٹھائی کھانے کا نتیجہ سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ