پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

زمین مسلسل گردش کرتی ہے تو ہمیں چکر کیوں نہیں آتے؟

تازہ ترین
زمین مسلسل گردش کرتی ہے تو ہمیں چکر کیوں نہیں آتے؟

زمین ہر 24 گھنٹے میں اپنے محور کے گرد 1 چکر مکمل کرتی ہے، زمین کے خطِ استوا پر اس کی گردش کی رفتار تقریباً 1 ہزار میل فی گھنٹہ یعنی 1600 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔

ویب سائٹ ارتھ اسکائی کے مطابق زمین کی یہ گردش ہماری زندگی کے ہر دن سورج اور ستاروں کے نیچے ہمیں اپنے ساتھ گھماتی رہتی ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ ہمیں زمین کی گردش کیوں محسوس نہیں ہوتی؟

اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم، زمین پر موجود سمندر اور اس کی فضا سمیت ہر چیز زمین کے ساتھ ایک ہی مستقل رفتار سے گردش کر رہی ہے۔

اگر زمین کی گردش اچانک تیز یا سست ہو جائے تو ہمیں اس کا احساس ضرور ہو گا، یہ بالکل ایسا ہو گا جیسے آپ تیز رفتار گاڑی میں سفر کر رہے ہوں اور ڈرائیور اچانک رفتار بڑھا دے یا بریک لگا دے۔

زمین کے گرد ایک اور چاند چکر لگانے کیلئے تیار

ایک بڑا مسافر طیارہ تقریباً 500 میل فی گھنٹہ یعنی 800 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرتا ہے، جو خطِ استوا پر زمین کی گردش کی رفتار سے تقریباً نصف ہے، لیکن طیارے میں سفر کے دوران اگر آپ آنکھیں بند کر لیں تو آپ کو اپنی حرکت کا احساس نہیں ہوتا۔

اسی طرح جب دورانِ پرواز فضائی میزبان آپ کے کپ میں کافی ڈالتی ہے تو کافی طیارے کے پچھلے حصے کی جانب نہیں اڑتی، کیونکہ کافی، کپ اور آپ سب طیارے کے ساتھ ایک ہی رفتار سے حرکت کر رہے ہوتے ہیں۔

زمین کی مسلسل گردش نے ہمارے آبا ؤ اجداد کو کائنات کی حقیقت سمجھنے میں بھی الجھن میں مبتلا رکھا، وہ دیکھتے تھے کہ ستارے، سورج اور چاند زمین کے اوپر حرکت کرتے دکھائی دیتے ہیں، لیکن انہیں زمین کی حرکت محسوس نہیں ہوتی تھی۔

اسی وجہ سے ان کا خیال تھا کہ زمین ساکن ہے اور آسمانی اجرام اس کے گرد حرکت کرتے ہیں۔

قدیم یونان کے سائنس دان ارسطارخس آف ساموس کے سوا کئی صدیوں تک دنیا کے بڑے مفکرین زمین کو کائنات کا مرکز سمجھنے والے نظریے کے حامی رہے۔

ارسطارخس نے کئی سو سال قبل مسیح پہلے ہی سورج کو مرکز ماننے والا نظریہ پیش کر دیا تھا۔

16 ویں صدی میں کوپرنیکس کا سورج مرکز نظریہ زیرِ بحث آیا اور اسے سمجھا جانے لگا، اگرچہ اس نظریے میں بھی کچھ خامیاں تھیں، لیکن بالآخر اس نے دنیا کو یہ سمجھنے میں مدد دی کہ زمین ستاروں کے نیچے اپنے محور کے گرد گھومتی ہے اور سورج کے گرد اپنے مدار میں بھی گردش کرتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ