جنوبی افریقۃ: سات ماہ کی حاملہ صحافی نبیلہ جاں بحق

جنوبی افریقہ کے نیوز چینل ای این سی اے کی ایوارڈ یافتہ تحقیقاتی صحافی نبیلہ شیخ 34 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ وہ سات ماہ کی حاملہ تھیں اور مختصر علالت کے بعد ہفتے کے روز انتقال ہوا۔
چینل انتظامیہ نے جاری بیان میں نبیلہ شیخ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صحافی اور ان کے بچے کی تدفین جوہانسبرگ کے ویسٹ پارک قبرستان میں کردی گئی ہے۔
بیان کے مطابق نبیلہ شیخ کو حال ہی میں ای این سی اے کے نئے قائم کردہ تحقیقاتی یونٹ میں شامل ہونے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ وہ اپنی بےباک صحافت کے باعث جانی جاتی تھیں اور مشکل سوالات پوچھنے یا کسی بھی مقام پر جاکر رپورٹنگ کرنے سے گریز نہیں کرتی تھیں۔
ادارے نے کہا کہ نبیلہ اپنے صحافتی حلقوں میں عزت کی نگاہ سے دیکھی جاتی تھیں اور شاندار صحافتی خدمات پر متعدد ایوارڈز بھی حاصل کرچکی تھیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ صحافت کے علاوہ وہ ایک محبت کرنے والی اہلیہ، بیٹی اور شفیق ماں بھی تھیں۔
نبیلہ شیخ کے پسماندگان میں ان کے شوہر وسیم علی اور کم عمر بیٹی ماہیرہ شامل ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ