شہید میجر عمر ناصر منہاس آبائی علاقے میں سپرد خاک

چکوال سے تعلق رکھنے والے شہید میجر عمر ناصر منہاس کو ان کے آبائی علاقے چتال میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
نماز جنازہ کور کمانڈر منگلا شاکر اللّٰہ خٹک نے خود پڑھایا، اس موقع پر اہم فوجی سیاسی اور سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ڈی پی او چکوال محمد عاصم جسرا کی جانب سے سخت سیکیورٹی انتظامات بھی کیے گئے۔
میجر عمر ناصر منہاس نے 14 نومبر کو بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے کردیگاپ میں سیکیورٹی قافلے کی حفاظت کے فرائض انجام دیتے ہوئے اپنے ساتھی حوالدار محمد عدنان خان کے ہمراہ جامِ شہادت نوش کیا۔
33 سالہ میجر عمر ناصر منہاس کے والد کرنل ناصر منہاس بھی پاک فوج میں خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ ان کے دو بھائی میجر حسن ناصر منہاس اور میجر علی ناصر منہاس بھی افواجِ پاکستان میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
میجر عمر شہید کا جسد خاکی ان کے آبائی گاؤں چتال پہنچا تو فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ