جینسن ہوانگ کے استعفے کے بعد کمپنی ملازمین ان کی تعریفیں کیوں کر رہے ہیں؟

جینسن ہوانگ : فوٹو اے ایف پی
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اینویڈیا کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ کے استعفے کے بعد کمپنی کے ملازمین نے سوشل میڈیا پر ان کی قیادت، پیشہ ورانہ رہنمائی اور ذاتی شفقت کے واقعات شیئر کیے ہیں۔
جینسن ہوانگ نے مبینہ طور پر متعدد خواتین کے ساتھ ازدواجی تعلقات سے باہر تعلقات کے انکشافات کے بعد کمپنی کے صدر، سی ای او اور بورڈ ممبر کے عہدوں سے استعفیٰ دیا تھا۔ ان تعلقات میں ایک خاتون کا نام بھی سامنے آیا جس پر چین کے لیے جاسوسی سے مبینہ تعلق کا الزام ہے۔
کمپنی کے بورڈ نے مستقل جانشین کی تلاش کے دوران چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس کو عبوری سی ای او مقرر کیا ہے۔
اینویڈیا میں تقریباً 8 سال سے کام کرنے والی اسٹریٹجک اے آئی کی سربراہ ورتیکا سنگھ نے سوشل میڈیا پر جینسن ہوانگ کے ساتھ کام کرنے کا اپنا تجربہ بیان کیا۔
جینسن اسکینڈل: انسانی جاسوسوں کی مانگ میں اضافہ، 2 سے 5 لاکھ ڈالر تک تنخواہ کی پیشکش
انہوں نے کہا کہ وہ ہوانگ کی شخصیت کا ایک ایسا پہلو سامنے لانا چاہتی ہیں جو حالیہ تنازعات کے شور میں نظرانداز نہیں ہونا چاہیے۔
ورتیکا سنگھ کے مطابق انہوں نے ہوانگ کو ایسے محققین، کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کی مدد کرتے دیکھا جنہیں مشکلات کے باعث اپنے منصوبے جاری رکھنا دشوار ہورہا تھا۔ ہوانگ ایسے امکانات بھی دیکھ لیتے تھے جنہیں دوسرے لوگ سمجھنے سے قاصر تھے اور اپنے وقت، توجہ اور کمپنی کے وسائل کے ذریعے ان کی کامیابی میں مدد کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہوانگ کی رہنمائی اور ان کے کام پر اعتماد نے انہیں پیشہ ورانہ زندگی میں مشکل مراحل اور غیر یقینی حالات سے نمٹنے میں مدد دی۔
ورتیکا سنگھ نے اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بہن برین کینسر میں مبتلا تھیں اور کیلیفورنیا کے دورے کے دوران ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی تھی۔ خاندان کو مشکل طبی فیصلوں، اسپتال کے بھاری اخراجات اور بیرون ملک بہن کو کھونے کے خدشے کا سامنا تھا۔
ان کے مطابق ان تمام مصروفیات کے باوجود جینسن ہوانگ نے ان کے خاندان کی مدد کے لیے وقت نکالا اور ان کی بہن سے ملاقات بھی کی۔
ورتیکا سنگھ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران ہوانگ نے ان سے کہا تھا کہ انہیں ان پر فخر ہے اور وہ اپنی بہن کے ساتھ گزارے جانے والے وقت کو قیمتی سمجھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہوانگ نے انہیں سکھایا کہ قیادت صرف پیشہ ورانہ کامیابیوں کا نام نہیں بلکہ مشکل وقت میں دوسروں کے ساتھ کھڑے ہونے کا نام بھی ہے۔
اینویڈیا کے سینئر ریسرچ سائنسدان گیون وولری نے بھی جینسن ہوانگ کی قیادت سے متعلق اپنا تجربہ شیئر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا وبا کے دوران کمپنی میں بھرتیوں پر پابندی تھی، تاہم ہوانگ نے ذاتی طور پر جن تین افراد کی بھرتی کی منظوری دی تھی، وہ بھی ان میں شامل تھے۔
گیون وولری کے مطابق جینسن ہوانگ نے انہیں طویل عرصے تک قرضوں میں ڈوبے رہنے سے بچایا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کی ہوانگ سے کبھی براہِ راست گفتگو نہیں ہوئی اور کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں صرف ایک مرتبہ سامنا ہوا، تاہم وہ اب تک ان سے بہتر رہنما نہیں دیکھ سکے۔
وولری نے ہوانگ کی ذاتی زندگی کو ان کا نجی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بطور رہنما ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ضروری ہے۔ انہوں نے جینسن ہوانگ کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے پر بھی تنقید کی۔
رپورٹ کے مطابق 63 سالہ جینسن ہوانگ نے اینویڈیا کی قیادت سے 33 سال وابستگی کے بعد جمعرات کو استعفیٰ دیا، وہ کمپنی کے شریک بانی بھی ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ہوانگ کے چین سے مبینہ روابط رکھنے والی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ کے ساتھ ازدواجی تعلقات سے باہر تعلقات تھے۔ امریکی انٹیلی جنس اداروں نے ایلس ہوانگ کے چینی انٹیلی جنس سے روابط کا جائزہ لیا تھا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق جینسن ہوانگ کے اینویڈیا کی نائب صدر برائے ہیلتھ کیئر کمبرلی پاول کے ساتھ بھی مبینہ تعلقات تھے، جو براہِ راست انہیں رپورٹ کرتی تھیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ