خیبر پختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی، اختیار ولی کے انکشافات

فوٹو: فائل
وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈی نیٹر اختیار ولی نے خیبر پختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی سے متعلق ہوشربا انکشافات کیے ہیں۔
نوشہرہ میں پریس کانفرنس کے دوران اختیارولی نے کہا کہ غیر قانونی کان کنی اور دہشت گردی کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ خیبر پختونخوا کے امن و امان کے لیے خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں تقریباً دو ہزار ایکس کاویٹر کے ذریعے سونے کی غیرقانونی کان کنی کی جارہی تھی، سونے کا تقریباً 80 فیصد افغانستان منتقل کیا جاتا رہا۔
وزیراعظم کے کو آرڈی نیٹر نے الزام لگایا کہ غیر قانونی کان کنی میں سرگرم نیٹ ورک کو سیاسی سرپرستی اور سرکاری اہل کاروں کی معاونت حاصل رہی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ سابق صوبائی وزیر آفتاب عالم، شہریار آفریدی اور خرم ذیشان سمیت متعدد سیاسی شخصیات کے نام غیر قانونی کان کنی کے معاملے میں سامنے آئے ہیں۔
اختیارولی نے یہ بھی کہا کہ نیٹ ورک میں مبینہ طور پر مسلح گروہوں اور دہشت گرد کمانڈروں کو بھی شامل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کان کنوں سے ماہانہ لاکھوں روپے وصول کیے جاتے رہے، حاصل آمدن نہ صوبے کے عوام کو ملی اور نہ ہی قومی خزانے میں جمع ہوئی۔
اختیار ولی کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے کے اندر مشینری نہ ہٹانے پر اسے ضبط یا تلف کیا جا سکتا ہے، سرکاری افسران اور پولیس اہل کاروں کے مبینہ کردار سے متعلق معلومات بھی جمع کر لی گئی ہیں، خصوصی ٹاسک فورس قائم کی جائے گی، جو دو سے تین ہفتوں میں لائحہ عمل تیار کرے گی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ