کراچی: مبینہ ڈکیتی کے دوران فائرنگ، 4 بچوں کا باپ جاں بحق

کراچی میں مبینہ ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے حیدر آباد کا رہائشی اور 4 بچوں کا باپ جاں بحق ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول کی حیدرآباد میں اسکول یونیفارم کی 2 دکانیں ہیں جن کی خرید و فروخت کے سلسلے میں وہ ہر ہفتے کراچی آتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت فرقان کے نام سے ہوئی، اس کی عمر 28 برس تھی۔
ڈکیتی مزاحمت اور فائرنگ کے دیگر واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی
مقتول کے دوست کے مطابق فرقان کار سے اتر کر ایک کیبن سے خریداری کر رہا تھا کہ اس دوران نامعلوم ملزمان نے مبینہ طور پر لوٹ مار کی کوشش کی، مزاحمت پر ملزمان نے اسے گولی مار دی اور فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کا موبائل فون اور والٹ بھی غائب ہے، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
مقتول کے بہنوئی محمد سعد کے مطابق فرقان حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر 8 کا رہائشی تھا اور یونیفارم کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتا تھا۔
محمد سعد نے مزید بتایا ہے کہ حیدرآباد میں اس کی یونیفارم کی 2 دکانیں تھیں اور وہ کاروباری سلسلے میں ہر ہفتے کراچی آتا تھا، مقتول شادی شدہ اور 4 بچوں کا باپ تھا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ