اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

5 لاکھ ٹیبلٹس کا عطیہ قوم کو کچھ لوٹانے کی کوشش ہے: راشد منہاس

تازہ ترین
5 لاکھ ٹیبلٹس کا عطیہ قوم کو کچھ لوٹانے کی کوشش ہے: راشد منہاس

جاپان میں مقیم معروف سماجی و کاروباری شخصیت راشد منہاس نے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے ان کے خاندان کو جو کچھ عطا کیا، اس میں وہ اپنے ملک کے لوگوں کا بھی حصہ سمجھتے ہیں، پاکستانی بچوں کے لیے حکومتِ پاکستان کے ذریعے پانچ لاکھ کمپیوٹر ٹیبلٹس کا عطیہ اسی احساس کے تحت قوم کو کچھ لوٹانے کی کوشش ہے۔

انہوں نے یہ بات ٹوکیو میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے جاپان میں ایڈوائزر اسد نواز خان کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

راشد منہاس نے بتایا ہے کہ وہ 1996ء میں جاپان آئے اور کاروبار شروع کیا، ان کے بڑے بھائی پہلے ہی آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ تھے، وقت کے ساتھ کاروبار دنیا بھر میں پھیل گیا اور اب ان کا ادارہ ایچ پی سمیت بڑی عالمی آئی ٹی کمپنیوں کے ساتھ کام کرتا ہے۔

راشد منہاس کے مطابق عطیے کی تجویز وزیراعظم کو پیش کی گئی اور ان کے نمائندے سید توقیر شاہ سے مشاورت کے بعد منصوبے کو حتمی شکل دی گئی، وزیراعظم نے اس اقدام کو سراہا، ٹیبلٹس کی تقسیم این ایف سی کے طرز پر صوبوں میں ہوگی، جس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام بھی شامل ہوگا، ان کی درخواست پر 20 فیصد ٹیبلٹس وفاق المدارس سے منسلک دینی مدارس کے طلبہ کو دیے جائیں گے۔

نیشنل بینک ٹوکیو کے سبکدوش ہونے والے کنٹری منیجر ظہیر الدین بابر نے کہا ہے کہ جاپان میں ان کی 8 سالہ خدمات کے دوران پاکستانی برادری نے بھرپور تعاون کیا اور بینک کا ٹوکیو آپریشن اب منافع میں ہے۔

نئے کنٹری منیجر ڈاکٹر اظہر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی برادری کے ساتھ مل کر بینک کو مزید منافع بخش بنانے کی کوشش کریں گے۔

میزبان اسد نواز خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ وہ آئندہ بھی ایسی تقریبات منعقد کریں گے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ