اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے تقریباً 10 دور ہوئے: لیاقت بلوچ

تازہ ترین
جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے تقریباً 10 دور ہوئے: لیاقت بلوچ

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے تقریباً 10 دور ہوئے، جبکہ حکومتی مذاکراتی ٹیم 4 مرتبہ منصورہ آئی اور جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات کی۔

جماعت اسلامی کے صوبائی و زونل امراء اور سیکریٹریز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت نے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی پیشکش کی، جبکہ جماعت اسلامی نے مذاکرات کے لیے امیر جماعت اسلامی سے ملاقات کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملک کے سیاسی بحرانوں کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کا دو ٹوک مؤقف موجود ہے، حکومت کو سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں احتجاج پر کوئی فکرمندی نہیں تھی، تاہم لاہور سمیت پنجاب میں ہونے والے احتجاج نے حکومت پر دباؤ ڈالا۔

لیاقت بلوچ نے بتایا ہے کہ پہلی حکومتی کمیٹی میں احسن اقبال، رانا ثناء، علی پرویز ملک اور بلال اظہر شامل تھے۔ وزیراعظم کی جانب سے امیر جماعت اسلامی سے رابطے کے لیے 4 مرتبہ پیغام آیا اور وزیراعظم فوری طور پر ان سے بات کرنا چاہتے تھے۔

ان کے مطابق باہمی مشاورت سے احتجاجی اقدامات مؤخر کرکے مذاکرات آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، بعد ازاں حکومتی کمیٹی میں اسحاق ڈار، احسن اقبال اور رانا ثناء شامل ہوئے، جبکہ دوسرے مرحلے میں تکنیکی کمیٹی کے ذریعے اعداد و شمار پر مشتمل بریفنگ دی گئی۔

لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی کے حالات کے مطابق پیٹرول کی قیمت 520 روپے اور ڈیزل کی قیمت 620 روپے فی لیٹر تک جاسکتی تھی، تاہم جماعت اسلامی کے احتجاج اور مختلف اقدامات کے باعث پیٹرول کی قیمت میں کمی ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ حکومتی ٹارگٹڈ ریلیف سے ایک کروڑ 56 لاکھ مستحق افراد مستفید ہورہے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ