مردہ تصور کی جانے والی خاتون کو ’قاتل‘ نے 7 سال بعد زندہ ڈھونڈ نکالا

بھارتی ریاست کرناٹک میں مردہ تصور کی جانے والے ایک خاتون کو زندہ ڈھونڈ نکالا گیا، اس کے مبینہ قتل کے الزام میں ایک بے گناہ شخص کو دو سال سے زائد عرصے تک جیل میں رکھا گیا۔
اس انکشاف کے بعد ناقص تفتیش اور اس وقت کے ریٹائرڈ تفتیشی افسر کے کردار کے خلاف باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا گیا۔
3 جولائی 2019 کو منجو نامی خاتون مرضی کے خلاف شادی کرائے جانے پر اپنے والد کا گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی۔ بس اسٹینڈ پر کھڑے ایک راہ گیر راجیش سے گھر پر ضروری فون کرنے کے لیے اس نے موبائل مانگا اور اپنے آشنا سے شادی کے لیے روانہ ہو گئی۔
جب منجو واپس نہ لوٹی تو اس کے والد ناگراجو نے گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔ پولیس نے منجو کی آخری فون کال کا سراغ راجیش کے موبائل نمبر سے لگایا اور خاتون کے والد کی شکایت پر منجو کے اغوا اور قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔
اس وقت کے تفتیشی افسر نے لاش برآمد نہ ہونے کے باوجود راجیش کے خلاف قتل کی چارج شیٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ راجیش نے اپنے والد اور وکلاء کی مدد سے ضمانت ملنے سے قبل ڈھائی سال کا عرصہ جوڈیشل حراست میں گزارا۔
ضمانت پر رہائی ملنے کے بعد راجیش مسلسل اپنی بے گناہی پر قائم رہا۔ ایک آزادانہ تحقیقات کے ذریعے اس کی قانونی ٹیم نے منجو کا سراغ لگا لیا، جو اپنے شوہر کے ساتھ رہ رہی تھی۔
راجیش کے وکیل کی جانب سے پولیس کو اطلاع دیے جانے کے بعد منجو کو گرفتار کرکے شیلٹر ہوم بھیج دیا گیا۔
اپنے ابتدائی بیان میں منجو نے راجیش کو مکمل طور پر بے قصور قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی گمشدگی کے بعد درج ہونے والے قتل کے مقدمے سے بالکل لاعلم تھی۔
راجیش کے اہلِ خانہ نے جھوٹا مقدمہ درج کرانے پر ناگراجو اور جعلی شواہد گھڑنے اور راجیش کی زندگی برباد کرنے پر ریٹائرڈ انسپکٹر پربھاکر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ