اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بھارت میں 7 افراد کا قتل، ملزم ایک، خوفناک حقائق

تازہ ترین
بھارت میں 7 افراد کا قتل، ملزم ایک، خوفناک حقائق

بھارتی ریاست بنگلورو کے ٹیکسی ڈرائیور نے 20 دن میں 7 افراد کو قتل کرکے لاشیں 2 ریاستوں کے 4 اضلاع میں پھینک دیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیکسی ڈرائیور اندو شیکھر، جو خود کو کرائم رپورٹر کے طور پر بھی پیش کرتا ہے، پر ریاست کرناٹک اور تمل ناڈو میں بیوی سمیت 7 سسرالی رشتے داروں کو قتل کرنے کا الزام ہے۔

دونوں بھارتی ریاستوں میں لرزہ خیز خبر نے ہر ایک کو دہلا دیا ہے، اندو شیکھر پر الزام ہے کہ اُس نے 20 دن میں اپنی بیوی کے خاندان کے 7 افراد کو قتل کیا اور ان کی لاشیں 400 کلو میٹر دور مختلف مقامات پر پھینک دیں۔

تفتیش کاروں کے مطابق ملزم نے قتل کےلیے نیند کی گولیوں، سل بٹے کے استعمال سے لے کر ہر مرحلے کی باریک بینی سے منصوبہ بندی کی، وہ جائے واردات پر شواہد بھی مٹاتا رہا تاکہ خود کو شک سے بچا سکے۔

تفتیش کاروں کے مطابق ملزم نے تمام قتل اپنی 17 سالہ بیٹی اور 11 سالہ بھیتجے کو بطور آڑ استعمال کرکے کیے، اس نے پوری کارروائی میں ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھایا تاکہ کسی کو بھی شبہ نہ ہو۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق قتل کی ان 7 وارداوں کا انکشاف اُس وقت ہوا، جب 2 نومبر کو رشتے داروں نے اُن کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی، ملزم نے ابتدائی مرحلے میں پولیس کو بتایا تھا کہ 7 فیملی ارکان ٹرپ پر گھومنے گئے ہیں، اس کے بعد تفتیش شروع ہوئی تو پولیس لاشوں کے ایک ہولناک سلسلے تک جاپہنچی۔

ہوا کچھ یوں کہ مقدمے کے اندراج کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا تو اسے 7 میں سے 6 مقتولین کے موبائل فونز کی لوکیشن اُس جگہ ملی، جہاں قریب ہی اندوشیکھر موجود تھا۔

ان 7 افراد کے قتل کا محرک کیا تھا؟ جس نے ملزم کو پورے خاندان کے صفایا کرنے پر مجبور کردیا، کیا کوئی گھریلو رنجش تھی؟ جائیداد کا تنازع تھا یا وجہ کچھ اور؟ تاحال کچھ بھی سامنے نہیں آسکا۔

خاندان کا واحد زندہ بچ جانے والا 11 سالہ بچہ اس پورے معاملے کا اہم ترین گواہ بن چکا ہے، پولیس اس لرزہ خیز اجتماعی قتل کے مقدمے کے پیچھے کے خوفناک حقائق جاننے میں مصروف عمل ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ