ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

لائیو شو کے دوران اسٹیج پر حملہ، کامیڈین تشدد کا نشانہ بن گیا

تازہ ترین
لائیو شو کے دوران اسٹیج پر حملہ، کامیڈین تشدد کا نشانہ بن گیا

اسکرین گریب

چلی میں لائیو کامیڈی شو کے دوران اس وقت غیر متوقع صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک شخص اسٹیج پر چڑھ آیا اور معروف اسٹینڈ اَپ کامیڈین لوئس سلیمنگ پر حملہ کردیا۔

یہ واقعہ جمعرات کی شب اریکا کے میں پیش آیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص شائقین میں سے نکل کر اسٹیج پر چڑھتا ہے اور کامیڈین کو گھونسے اور لاتیں مارنا شروع کردیتا ہے۔ لوئس سلیمنگ نے اپنا دفاع کرنے کی کوشش کی، تاہم بعدازاں شو کی پروڈکشن ٹیم کے ارکان نے مداخلت کرکے حملہ آور کو ان سے الگ کیا۔

واقعے کے بعد کامیڈین کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ شو منسوخ کردیا گیا۔

چلی کی تحقیقاتی پولیس (پی ڈی آئی) کے مطابق حملہ آور کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ اریکا میں تعینات تفتیش کاروں نے کامیڈین پر حملے کے بعد کارروائی کی۔

رپورٹس کے مطابق ملزم کو معمولی نوعیت کے زخم پہنچانے کے الزام میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

View this post on Instagram

A post shared by Latinus (@latinus_us)

کامیڈین کی ٹیم نے مقام پر نصب اسکرین کے ذریعے شو منسوخ کرنے کا اعلان بھی کیا اور شائقین سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ ٹکٹوں کی رقم واپس کی جائے گی۔ ٹیم کے مطابق یہ فیصلہ لوئس سلیمنگ کی حفاظت اور صحت کو ترجیح دیتے ہوئے کیا گیا۔

واقعے کے چند گھنٹے بعد لوئس سلیمنگ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنا مؤقف بیان کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حملہ ان کے کسی لطیفے یا تبصرے کی وجہ سے نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص اچانک اسٹیج پر چڑھ آیا، اس وقت تک انہوں نے متعلقہ لطیفے بھی نہیں سنائے تھے اور نہ ہی ٹرک ڈرائیوروں سے متعلق کوئی مذاق کیا تھا۔

کامیڈین کے مطابق حملہ آور بظاہر نشے کی حالت میں تھا اور اس نے ان پر گھونسے برسانا شروع کردیے، جس پر انہوں نے بھی اپنا دفاع کیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ