ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بھارت: میاں بیوی نے کارپوریٹ نوکری چھوڑ کر کھانے کے بزنس سے چند ماہ میں لاکھوں کمالیے

تازہ ترین
بھارت: میاں بیوی نے کارپوریٹ نوکری چھوڑ کر کھانے کے بزنس سے چند ماہ میں لاکھوں کمالیے

فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت کے شہر بنگلورو سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے ملازمت کے دوران کھانا پکانے کے لیے وقت نہ ملنے کے مسئلے کو کاروباری موقع میں تبدیل کردیا۔

دونوں نے آئی ٹی کی ملازمت چھوڑ کر صحت بخش گھریلو کھانوں کی سبسکرپشن سروس شروع کی، جس نے صرف 9 ماہ میں 56 لاکھ بھارتی روپے کی آمدن حاصل کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دیا کرشنا کمار اور آدتیہ نٹراجن کو طویل اوقات تک کام کرنے کے باعث گھر میں کھانا تیار کرنے میں دشواری کا سامنا تھا۔ آن لائن کھانا منگوانا آسان ضرور تھا، لیکن وہ صحت بخش، مناسب قیمت اور گھریلو طرز کے کھانے چاہتے تھے۔

دونوں کو ایسی کوئی سروس نہیں ملی جو ان کی ضرورت پوری کرسکتی، جس کے بعد انہوں نے خود ہی یہ کاروبار شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

بھارت: انجینئرنگ یونیورسٹی کے گولڈ میڈلسٹ کی 50 مرتبہ کوشش کرنے پر بھی نوکری نہ ملنے پر خودکشی

ستمبر 2024 میں اس جوڑے نے آئی ٹی کے شعبے میں اپنی ملازمت چھوڑ دی اور 15 لاکھ بھارتی روپے کی ابتدائی سرمایہ کاری سے بنگلورو میں صحت بخش کھانوں کی سبسکرپشن سروس شروع کردی۔ اس رقم کا زیادہ تر حصہ ان کی ذاتی بچت پر مشتمل تھا۔

دیا اور آدتیہ نے بنگلورو سے کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کی تھی اور ایک ہی آئی ٹی کمپنی سے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

تین سال سے زیادہ عرصہ کارپوریٹ سیکٹر میں کام کرنے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ ملازمت کے ساتھ کھانے پینے کی عادات برقرار رکھنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔

آدتیہ کے مطابق کام کے طویل اوقات کے باعث بعض دنوں میں انہیں باہر سے کھانا منگوانا پڑتا تھا، جبکہ کئی مرتبہ گھر میں رات کا کھانا تیار کرنا بھی مشکل ہوجاتا تھا۔

شوہر کے مخالف کمپنی میں کام کرنے پر نوکری سے نکالی جانیوالی خاتون نے 1 لاکھ ڈالر ہرجانہ وصول کرلیا

دیا کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ پر 20 منٹ میں تیار ہونے والی ترکیبیں بھی حقیقت میں کچن میں دگنا وقت لے لیتی ہیں۔

جوڑے نے دوپہر اور رات کے کھانے کی سبسکرپشن سروسز تلاش کیں، لیکن انہیں زیادہ تر ایسی سروسز ملیں جو روایتی گھریلو کھانوں کے بجائے مختلف اور نسبتاً پیچیدہ پکوان فراہم کرتی تھیں۔

وہ دال، سبزی، روٹی اور پروٹین سے بھرپور عام بھارتی کھانے چاہتے تھے، اس لیے انہوں نے اپنی سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

ستمبر 2024 میں کاروبار شروع کرتے وقت ان کی ٹیم میں 6 افراد شامل تھے، جن میں دونوں بانیوں کے علاوہ ایک ماہر غذائیت، باورچی، اسٹیورڈ اور ڈلیوری کرنے والا شامل تھا۔

لائف پارٹنر کو دھوکہ دینے پر دو ملازمین کو نوکری سے نکال دیا گیا

ماہر غذائیت کھانوں کی منصوبہ بندی اور ان میں موجود غذائی اجزا کی مقدار کا تعین کرنے میں مدد دیتا تھا۔

ابتدائی طور پر جوڑے نے اپنے دوستوں اور اہلخانہ کو کھانے فراہم کیے تاکہ ان کی رائے اور تجاویز کی روشنی میں سروس کو بہتر بنایا جاسکے۔

سروس کے مینیو میں دال، آلو گوبھی، جوار کی روٹی، ادرک والا چکن اور چنے کی چاٹ سمیت مختلف روایتی کھانے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پنیر، ٹوفو، سویا اور چکن پر مشتمل پروٹین سے بھرپور پکوان بھی دستیاب ہیں۔

صارفین کے لیے ریپس، بریانی اور انڈو چائنیز کھانوں کے انتخاب بھی رکھے گئے ہیں۔

کاروبار کو ابتدائی فروغ اس وقت ملا جب بنگلورو سے تعلق رکھنے والے ایک ماہر غذائیت نے سوشل میڈیا پر اس اسٹارٹ اپ کے حوالے سے ویڈیو شیئر کی، جس کے نتیجے میں اسے پہلے 100 صارفین حاصل ہوئے۔

جوڑے نے عام ڈسپوزایبل پیکنگ کے بجائے اسٹیل کی تہہ والے دوبارہ استعمال کیے جانے کے قابل لنچ کنٹینرز متعارف کروائے، جو مہاراشٹر کی ایک کمپنی سے حاصل کیے گئے۔

مشہور فاسٹ فوڈ چین میں خاتون ملازمین سے ہراسانی پر 29 افراد نوکری سے فارغ

ان کے اسٹارٹ اپ نے اپنے پہلے سال کے دوران تقریباً 45 لاکھ بھارتی روپے کی آمدن حاصل کی، جبکہ جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران اس کی آمدن بڑھ کر 56 لاکھ روپے ہوگئی۔

اس عرصے میں کمپنی 1500 سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کرچکی ہے اور مجموعی طور پر 55 ہزار سے زیادہ کھانے ڈلیور کرچکی ہے۔

تاہم کاروبار کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ 2026 کے آغاز میں ایل پی جی کی قلت کے باعث کچن کے آپریشنز متاثر ہوئے اور کمپنی کو اپنے مینیو میں تبدیلیاں کرنا پڑیں، جس سے کاروبار کی ترقی کی رفتار بھی سست ہوگئی۔

دیا اور آدتیہ اب بنگلورو میں اپنی ڈلیوری سروس کا دائرہ بڑھانے اور کچن کی استعداد بہتر بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ شہر کے آئی ٹی اور اسٹارٹ اپ مراکز سے باہر رہنے والے صارفین تک بھی رسائی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

کمپنی مزید غذائی ضروریات کے مطابق کھانے، پروٹین سے بھرپور پکوان اور نئے مینیو متعارف کروانے پر بھی غور کر رہی ہے، جبکہ حیدرآباد ان شہروں میں شامل ہے جہاں مستقبل میں کاروبار پھیلانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔

یوں ملازمت کے دوران پیش آنے والی ایک عام مشکل نے دو نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کا موقع فراہم کیا، جو اب تک 55 ہزار سے زائد کھانے فراہم کرچکا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ