ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مسلح افواج دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، وزیراعظم

تازہ ترین
مسلح افواج دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلح افواج دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ​بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔

بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم ’فتنہ الہندوستان‘ کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کر کے شمالی وزیرستان میں 16 خارجی ہلاک کردیے۔ جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دو افغان شہری بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو بہادر جوان حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی شہید ہوگئے۔ اس کے علاوہ، بلوچستان کے علاقوں کولپور اور نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر کے سیکیورٹی فورسز نے کولپور میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

اسی دوران فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ پر گشت کرنے والی فوجی گاڑیوں پر کواڈ کاپٹرز سے حملہ کیا جس سے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان شہید ہوگئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس سے پہلے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی سیکیورٹی، سیاسی اور معاشی معاملات پر ماڈل ٹاون لاہور میں بیٹھک ہوئی ہے، سیاسی اور انتظامی امور پر مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق اس ملاقات میں اتحادی جماعتوں کے درمیان تعاون اور مشاورت کے تسلسل پر گفتگو کی گئی۔

صدر اور وزیراعظم نے معاشی استحکام اور ترقیاتی عمل تیز کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم دہرایا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ