خیبر پختونخوا کے 124 اسپتالوں کو سولرائز کیا جائے گا، مشیر صحت جوہر نگار

مشیر صحت خیبرپختونخوا جوہر نگار نےکہا ہے کہ صوبے کے 124 اسپتالوں کو سولرائز کیا جائے گا۔
پشاور میں بریفنگ کے دوران صوبائی مشیر صحت نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 200 سے زائد اسپتال برسوں سے بند پڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 4 کروڑ آبادی کے لیے صحت کے شعبے میں 30 ہزار 697 اہلکار تعینات ہیں، آبادی کے تناسب سے 18ہزار کے بجائے 64 ہزار بستروں کی ضرورت ہے۔
جوہر نگار نے مزید کہا کہ صوبے کے 124 اسپتالوں کو سولرائز کیا جائے گا، 25 اضلاع کے اسپتالوں کے لیے طبی آلات کی خریداری پر 2 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ ختم نہیں کریں گے، اس کی خامیوں کو دور کریں گے۔
صوبائی مشیر صحت نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حیات آباد میں بچوں کے اسپتال کےلیے 1462 ملین روپے دینے کا وعدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے 5 ڈویژن میں بریسٹ کینسر سینٹرز کے قیام کےلیے وفاق 850 ملین روپے فراہم کرے گا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ