عالمی بینک نے سندھ کیلئے 300 ملین ڈالرز کی منظوری دیدی

عالمی بینک نے سندھ میں صاف پانی، صفائی اور حفظان صحت کے منصوبوں کے لیے 300 ملین ڈالرز کی منظوری دے دی۔
اعلامیے کے مطابق عالمی بینک کی معاونت سے بننے والے منصوبے اسٹار واش ون سے سندھ کے 15 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔
سندھ میں 5 سال سے کم عمر کے نصف سے زیادہ بچے قد کی کمی کا شکار ہیں، جس کی وجہ ناقص پانی اور صفائی ہے، جو بچوں میں اسہال اور غذائی کمی کی بڑی وجہ ہے۔
اعلامیے کے مطابق منصوبے کے تحت سولر سے چلنے والے واٹر سپلائی سسٹم لگائے جائیں گے، جس سے پانی میں آلودگی کو نصف کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق 80 فیصد دیہی برادریوں کو پیشہ ورانہ واٹر سروس سے جوڑا جائے گا، منصوبہ بچوں میں قد کی کمی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ