بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 8 دہشتگرد ہلاک، میجر اور حوالدار شہید

فائل فوٹو۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، دہشت گردوں کے حملے میں میجر اور حوالدار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 13 نومبر سے بلوچستان کے علاقوں کالپور، کردگاپ اور نوشکی کے گرد ونواح میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کالپور میں سیکیورٹی فورسز نے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ علاقے میں سیکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر گشت بھی جاری ہے، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الہندوستان سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا، کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
14 نومبر کو دہشت گردوں نے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا، دہشت گردوں کے حملے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عمر منہاس ناصر کا تعلق ضلع چکوال سے تھا جبکہ حوالدار محمد عدنان خان کوٹلی ستیاں کے رہائشی تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز بدلتے ہوئے خطرات سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔ عزم و استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور سیکیورٹی فورسز ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ