ڈیمنشیا بڑھنے کا خطرہ روزانہ پی جانے والی سگریٹ کی تعداد سے منسلک ہے، تحقیق

ایک تحقیق کے مطابق ڈیمنشیا بڑھنے کے خطرے کا تعلق روزانہ پی جانے والی سگریٹ کی تعداد سے منسلک ہے۔
تقریباً 28 لاکھ افراد پر مشتمل ایک سائنسی جائزے سے معلوم ہوا کہ سگریٹ نوشی ڈیمنشیا، الزائمر اور دماغی شریانوں کی بیماری کے باعث ہونے والے ڈیمنشیا کے خطرات میں اضافے سے منسلک ہے، جبکہ روزانہ پی جانے والی سگریٹوں کی تعداد بڑھنے کے ساتھ یہ خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
آسٹریلیا کی کرٹن یونیورسٹی کے محققین کی سربراہی میں ہونے والی یہ تحقیق سائنسی جریدے ای کلینیکل میڈیسن میں شائع ہوئی۔
تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی کرنے والے افراد میں کبھی سگریٹ نہ پینے والوں کے مقابلے میں ڈیمنشیا لاحق ہونے کا خطرہ 31 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ اسی طرح الزائمر کا خطرہ 40 فیصد جبکہ ویسکولر ڈیمنشیا (دماغی شریانوں کی بیماری سے ہونیوالا ڈیمنشیا) کا خطرہ 52 فیصد زیادہ پایا گیا۔
محققین نے روزانہ پی جانے والی سگریٹوں کی تعداد اور ڈیمنشیا لاحق ہونے کے امکانات کے درمیان تعلق دریافت کیا۔ تحقیق کے مطابق روزانہ 10 سگریٹ پینے والے افراد میں ڈیمنشیا کا خطرہ 16 جبکہ روزانہ 20 سگریٹ پینے والوں میں یہ خطرہ بڑھ کر 34 فیصد ہو جاتا ہے۔
تاہم محققین نے وضاحت کی کہ تحقیق کے نتائج سگریٹ نوشی اور ڈیمنشیا کے درمیان براہ راست سبب اور نتیجے کا تعلق ثابت نہیں کرتے، البتہ یہ ان سائنسی شواہد میں اضافہ کرتے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ سگریٹ نوشی ترک کرنے سے اس بیماری کا خطرہ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ