ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ویرات کوہلی ون ڈے کرکٹ کے بدترین ریکارڈ میں ٹنڈولکر کے برابر آگئے

تازہ ترین
ویرات کوہلی ون ڈے کرکٹ کے بدترین ریکارڈ میں ٹنڈولکر کے برابر آگئے

فوٹو: اے ایف پی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے بھارتی بیٹرز کی فہرست میں سچن ٹنڈولکر کے برابر آگئے۔

گزشتہ روز ماؤنٹ مونگانوئی کے بے اوول میں کھیلے گئے میچ میں ویرات کوہلی صرف 4 گیندوں کا سامنا کرسکے۔ اس کے ساتھ ہی ون ڈے کرکٹ میں ان کے صفر پر آؤٹ ہونے کی تعداد 20 ہوگئی، جبکہ سچن ٹنڈولکر بھی اپنے کیریئر میں 20 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے تھے۔

چیمپئنز ٹرافی: ویرات کوہلی ون ڈے میں سب سے زیادہ کیچز پکڑنے والے بھارتی کھلاڑی بن گئے

تاہم ویرات کوہلی نے یہ ریکارڈ 321 ون ڈے میچز میں بنایا، جبکہ سچن ٹنڈولکر نے اپنے 463 میچز کے کیریئر میں 20 مرتبہ صفر کا سامنا کیا۔

اس فہرست میں سابق بھارتی فاسٹ بولر جواگل سریناتھ 19 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کے ساتھ تیسرے، انیل کمبلے اور روہت شرما 18، 18 بار صفر پر آؤٹ ہونے کے ساتھ مشترکہ چوتھے نمبر پر ہیں۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 333 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 334 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری۔

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہنری نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر روہت شرما کو گولڈن ڈک پر آؤٹ کیا، جس کے بعد تیسرے نمبر پر آنے والے ویرات کوہلی کو بھی رنز بنانے کا موقع نہ دیا۔

ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 14 ہزار رنز مکمل کرلیے

میٹ ہنری نے ابتدا میں کوہلی کو باہر جاتی ہوئی گیندوں سے پریشان کیا، تاہم بعد میں ایک گیند تیزی سے اندر کی جانب آئی، جسے کوہلی کھیلنے میں ناکام رہے اور گیند سیدھی وکٹوں سے جا ٹکرائی۔

اسی اوور کی آخری گیند پر میٹ ہنری نے شریاس ائیر کو بھی گولڈن ڈک پر پویلین بھیج دیا، یوں بھارتی ٹیم نے اننگز کے پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے 3 وکٹیں گنوا دیں۔

ویرات کوہلی نے سب سے زیادہ سنچریاں بنا کر ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا

ویرات کوہلی کا یہ ریکارڈ بھارت کے لیے ایک مایوس کن دن میں سامنے آیا۔بھارتی ٹیم 26.4 اوورز میں محض 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسے 244 رنز کے بھاری مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ویرات کوہلی اس سے قبل 3 اکتوبر 2026 کو نیو چندی گڑھ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ون ڈے میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے تھے، جہاں فاسٹ بولر جےڈن سیلز نے انہیں پویلین بھیجا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ