ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

میر رضا کیس: سابق ایس ایچ او گلستان جوہر کامران قریشی نوکری سے برخاست

تازہ ترین
میر رضا کیس: سابق ایس ایچ او گلستان جوہر کامران قریشی نوکری سے برخاست

میر رضا: فائل فوٹو

میر رضا کیس میں غفلت برتنے پر سابق ایس ایچ او گلستان جوہر کامران قریشی کو نوکری سے برخاست کردیا گیا۔

ایڈیشنل آئی جی آزاد خان کا کہنا ہے کہ میر رضا جوڈیشل کمیشن رپورٹ میں کامران قریشی پر الزامات عائد کیے گئے تھے، اُن پر میر رضا کی لاش ملنے کے مقام کو محفوظ نہ کرنے کا الزام تھا۔

جے آئی ٹی کا میر رضا کے بزنس پارٹنرز سے مزید تفتیش کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ

میر رضا کی لاش 29 جولائی کو گلستان جوہر سے ملی تھی۔

کیس کا پس منظر:۔

خیال رہے کہ میر رضا علی خان 28 جولائی کو پاکستان ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) سے لاپتہ ہوا تھا، جس کی لاش 2 روز بعد گلستان جوہر سے ملی تھی، میر رضا علی صبح 4 بج کر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ رضا کی لاش بہت بری حالت میں ملی جبکہ اس کے سینے میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا، رضا کی لاش ملنے سے ایک روز قبل اس کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دیے گئے تھے۔

پولیس کی جانب سے ٹیلی کام کمپنی سے مقتول کا فون ریکارڈ اور اس سے رابطہ رکھنے والے افراد کا ڈیٹا بھی طلب کیا گیا تھا۔

اس کے ساتھ رضا نے جس ٹیکسی سے سفر کیا تھا اس کے ڈرائیور کو بھی شامل تفتیش کیا گیا تھا، ڈرائیور نے بیان میں بتایا تھا کہ اس نے مقتول کو گلستان جوہر میں اس کے کچن پر چھوڑا تھا۔

مقتول کے والد کا کہنا تھا کہ میر رضا کا 30 اگست کو گلشن اقبال کی بیت المکرم مسجد میں نکاح تھا اور رضا اپنی نئی شروع ہونے والی زندگی کے حوالے سے بہت خوش تھا۔

میر رضا علی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں خامیوں کی نشاندہی 4 اگست کو جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں کی گئی تھی۔

پروگرام میں پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید اور میر رضا علی کے والد کے سامنے دوبارہ پوسٹ مارٹم کا معاملہ اٹھایا گیا تھا۔ پروگرام میں بات کرتے ہوئے پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید اور میر رضا علی کے والد، دونوں نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

بعد ازاں عدالتی حکم کے بعد میر رضا کی 8 اگست کو قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد اسی دن دوبارہ تدفین کردی گئی۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میر رضا کو گولی پیچھے سے لگی تھی، جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے، میر رضا علی کی پسلیاں ٹوٹی ہوئی تھیں، سر اور چہرے پر زخموں کے متعدد نشانات پائے گئے، جسم پر کالے دھبے بھی تھے۔

رپورٹ کے مطابق میر رضا کے پاؤں پر بھی زخم کے نشان ہیں، جسم کے نچلے حصے کے ٹشوز پر بھی خون کے دھبے ہیں، رپورٹ میں میر رضا کی دائیں ران پر تقریباً 12 سینٹی میٹر طویل فریکچر اور زخم کی نشاندہی ہوئی ہے۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میر رضا کے جبڑے کے حصے میں گہری چوٹ اور فریکچر کے شواہد ملے، ناک کی ہڈی اور چہرے کے مختلف حصوں پر بھی چوٹیں پائی گئیں۔

میر رضا کے دوسرے پوسٹ مارٹم کے بعد سندھ حکومت نے میر رضا کیس کی تفتیش کیلئے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کو ہٹا دیا تھا، کمیٹی میں ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ، ایس ایس پی ایس آئی یو سمیع اللّٰہ سومرو اور دیگر کو تفتیش سے ہٹا یا گیا تھا، تحقیقاتی ٹیم پر میر رضا کے والدین نے تحقیقاتی ٹیم پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ