میئر کراچی کا پمپنگ اسٹیشن کی بحالی و جدید پمپس کی تنصیب کا افتتاح

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کیماڑی میں پی آر سی ٹاور واٹر پمپنگ اسٹیشن کی بحالی اور جدید پمپس کی تنصیب کا افتتاح کر دیا، منصوبے سے کیماڑی، کھارادر اور لیاری کے مختلف علاقوں کے تقریباً 3 لاکھ شہری مستفید ہوں گے۔
پی آر سی ٹاور پمپنگ اسٹیشن کے 29 سال پرانے پمپس تبدیل کر کے 5 نئے ڈی ڈبلیو ٹی پمپس نصب کیے گئے ہیں، جبکہ نئے الیکٹرک پینلز اور کیبلز بھی لگائی گئی ہیں۔
اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پمپنگ اسٹیشن کی بحالی واٹر کارپوریشن نے اپنے وسائل سے مکمل کی ہے۔
ہل پارک کی ایک انچ جگہ بھی کسی کو نہیں دی، مرتضیٰ وہاب
شہر میں پانی چوری کی روک تھام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 1 کروڑ گیلن پانی کی لائن میں چوری روکنے کے لیے ایلیویٹڈ واٹر لائن کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جس کی ٹیسٹنگ جاری ہے اور اسی ماہ افتتاح متوقع ہے۔
میئر کراچی نے پانی چوری میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اگر ماضی میں 300 ارب روپے خرچ کیے گئے ہوتے تو شہریوں کے مسائل حل ہو چکے ہوتے۔
انہوں نے شہر میں امن، برداشت اور رواداری برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کو دوبارہ بھتہ خوری، ہڑتالوں اور لسانی تفریق کے دور میں نہیں جانے دیا جائے گا۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں فراہمیٔ آب اور سیوریج کے منصوبے جاری ہیں، تاہم شہریوں کے لیے اصل اہمیت ان منصوبوں کی بروقت تکمیل اور پانی کی مستقل فراہمی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ