خیبرپختونخوا میں سونے کی کان کنی فوری معطل

خیبر پختون خوا میں سونے کی کان کنی فوری طور پر معطل کر دی گئی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے سونے کی کان کنی کرنے والے لیز ہولڈرز کو 1 ہفتے میں بھاری مشینری ہٹانے کا حکم دے دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ سونے کی غیر قانونی کان کنی اور کوہاٹ واقعے سے متعلق جوڈیشل کمیشن تحقیقات کرے گا، سیاسی پشت پناہی کرنے والے 12 افراد میں سابق صوبائی وزیر آفتاب عالم، شہر یار آفریدی، خرم ذیشان اور سابق وزیرِ اعلیٰ کے بھائی نوید بھی شامل ہیں۔
گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد میں اپنی ٹیم کے ساتھ کام کر رہا ہوں، صوبے میں امن کا قیام میری اولین ترجیح ہے اور کسی کو صوبے کے وسائل پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 2 روزہ اہم کانفرنس منعقد ہوئی جس میں دنیا بھر سے وفود نے شرکت کی اور معدنیات کے شعبے پر تبادلۂ خیال کیا گیا، اب خیبر پختون خوا میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے عالمی برادری کو مدعو کیا جا رہا ہے۔
ہمیشہ کہتا ہوں ناچنے والے گھوڑے میدان میں نہیں دوڑتے: گورنر کے پی
گورنر کے پی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 13 سال کے دوران صوبے کے وسائل لوٹے گئے، اب یہاں ترقی اور خوش حالی لانے کے ساتھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہے اور جزا و سزا کا نظام نافذ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں پولیس نے غیرقانونی کان کنی کے خلاف بہادری سے کارروائی کرتے ہوئے 11 خوارج کو ہلاک کیا، کوہاٹ میں معدنیات کے 2 بلاکس، سی اور ڈی میں غیر قانونی کان کنی کے دوران 8,350 ٹریکٹر، ٹریکٹر ٹرالیاں، 1,730 بھاری ڈمپرز اور مزدور استعمال ہو رہے تھے۔
گورنر کے پی کے نے بتایا ہے کہ ایک مائننگ بلاک 4.92 ارب روپے کی لیز پر دیا گیا تھا، اس سے حاصل ہونے والی رقم کا 80 فیصد افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا جو دہشت گردی اور پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہا تھا، وہاں سے ہر ماہ تقریباً 90 کلو سونا نکالا جاتا تھا۔
فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا کہ خیبر پختون خوا میں سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے اور سونے کی کان کنی کے تمام لیز منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، سونے کی کان کنی کے لیز ہولڈرز اور ٹھیکیداروں کو 1 ہفتے کے اندر متعلقہ علاقوں سے اپنی بھاری مشینری ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گورنر خیبر پختون خوا نے بتایا کہ اسی ہفتے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے گا، جس کی سربراہی پشاور ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم اپنی کشتیاں جلا چکے ہیں اور یہ جنگ ہر صورت جیتنی ہے، آخر کب تک ہم اپنے جوانوں کی شہادتیں دیتے رہیں گے، اب یہ سلسلہ نہیں چلے گا، پولیس اہلکاروں کے قاتلوں کے خلاف زیرو ٹالرنس ہو گی، تمام ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ