ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

شمالی وزیرستان: خوارج کے ٹھکانوں پر کارروائیاں، 16 دہشتگرد ہلاک، 2 جوان شہید

تازہ ترین
شمالی وزیرستان: خوارج کے ٹھکانوں پر کارروائیاں، 16 دہشتگرد ہلاک، 2 جوان شہید

پاک فوج کے جامِ شہادت نوش کرنے والے جوان حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی— تصاویر بشکریہ آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گرد و نواح میں کارروائیوں کے دوران 16 خوارج ہلاک کر دیے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج کے ٹھکانوں پر کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں گزشتہ 12 گھنٹوں میں 16 خوارج ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علی خیل میں 12 خوارج مارے گئے، ان ہلاک خوارج میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 2 افغان شہری بھی شامل تھے جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں بھی 2، 2 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 بہادر جوانوں حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی نے جامِ شہادت نوش کیا۔

کے پی و بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں: 74 خوارج ہلاک

43 سالہ حوالدار عصمت علی شہید کا تعلق ضلع صوابی اور 32 سالہ نائیک آفتاب علی شہید کا تعلق ضلع مردان سے تھا، دونوں جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران خوارج کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، یہ ہلاک خوارج معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ علاقے میں موجود باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ