60 سال پرانی سائنسی پیشگوئی میں دنیا کے خاتمے کا قرار دیا گیا دن کل گزر گیا

دنیا کے خاتمے سے متعلق 60 سال پرانی ایک سائنسی پیشگوئی گزشتہ روز 13 نومبر کو موضوعِ بحث بنی رہی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 2026ء میں عالمی آبادی لامحدود حد تک پہنچ جائے گی تاہم یہ پیشگوئی حقیقت ثابت نہیں ہوئی۔
برطانوی اخبار میٹرو کے مطابق یہ تحقیق 4 نومبر 1960ء کو سائنسی جریدے ’سائنس‘ میں شائع ہوئی تھی جسے طبیعیات دان ہائنز فون فوسٹر نے اپنے ساتھی محققین پیٹریشیا ایم مورا اور لارنس ڈبلیو ایمیوٹ کے ساتھ تحریر کیا تھا۔
تحقیق کا عنوان ’قیامت کا دن: جمعہ 13 نومبر 2026‘ رکھا گیا تھا۔
محققین نے 400 قبل مسیح سے 1958ء تک دنیا کی آبادی کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا اور آبادی دگنی ہونے کی رفتار میں مسلسل اضافے کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایک ریاضیاتی فارمولا تیار کیا تھا۔
1960ء کی پیش گوئی، 13 نومبر 2026 دنیا کے خاتمے کا دن؟
اس فارمولے کے مطابق 2020ء تک دنیا کی آبادی 25 ارب سے تجاوز کرنے اور 2026ء میں لامحدود ہونے کے قریب پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
تحقیق میں کسی جنگ، شہابیے یا قدرتی آفت کے نتیجے میں دنیا کے خاتمے کی پیشگوئی نہیں کی گئی تھی بلکہ محققین نے خبردار کیا تھا کہ آبادی میں مسلسل اضافے سے ایک ایسا مقام آ سکتا ہے جہاں وسائل اور انسانی گنجائش پر ناقابلِ برداشت دباؤ پڑے گا۔
تحقیق کی تاریخ کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی تھا کہ 13 نومبر اس کے مرکزی مصنف ہائنز فون فوسٹر کی سالگرہ کا دن تھا جو 1911ء میں اسی تاریخ کو پیدا ہوئے تھے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 1993ء کے بعد عالمی آبادی میں اضافے کی رفتار تحقیق کے اندازوں سے کم ہونا شروع ہو گئی تھی، جس کی بڑی وجہ دنیا بھر میں شرحِ پیدائش میں کمی ہے جو 1960ء کے مقابلے میں نصف سے بھی کم رہ گئی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق دنیا کی موجودہ آبادی تقریباً 8.2 ارب ہے جبکہ پرانے فارمولے کے تحت 2025ء میں یہ تعداد تقریباً 131 ارب ہونی چاہیے تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماہرین کا کہنا ہے یہ تحقیق دنیا کے خاتمے کی حتمی پیشگوئی نہیں بلکہ آبادی میں بے قابو اضافے کے ممکنہ خطرات سے خبردار کرنے کی کوشش تھی، گزشتہ روز 13 نومبر گزرنے کے بعد بھی دنیا معمول کے مطابق قائم ہے جبکہ اس پیش گوئی کی کوئی سائنسی بنیاد موجود نہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ