ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

24 گھنٹوں کے بعد مائیکرو سافٹ کی تمام سروسز مکمل طور پر بحال

تازہ ترین
24 گھنٹوں کے بعد مائیکرو سافٹ کی تمام سروسز مکمل طور پر بحال

24 گھنٹوں سے زائد تعطل کا شکار رہنے کے بعد مائیکرو سافٹ کی تمام سروسز اب مکمل طور پر بحال ہو گئی ہیں تاہم کاروباری سروسز کی نگرانی جاری ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مائیکرو سافٹ نے اعلان کیا ہے کہ ٹیمز، آؤٹ لک، کوپائلٹ اور دیگر ایپلی کیشنز کی سروسز مکمل طور پر بحال ہو گئی ہیں، تاہم مائیکرو سافٹ 365 کی کاروباری سروسز کی نگرانی اب بھی جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر 24 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے تعطل کے باعث دنیا بھر کے کاروباری اداروں اور سرکاری محکموں میں آن لائن رابطوں کا نظام شدید متاثر ہوا۔

مائیکروسافٹ کی سروسز میں تعطل، دنیا بھر کے کاروباری ادارے و سرکاری محکمے متاثر

کمپنی کا کہنا ہے کہ ای میل سروسز میں تعطل کے دوران جمع ہونے والے پیغامات کا بیک لاگ چیک کیا جارہا ہے، جس کے بعد ہی کاروباری سروسز کے مسئلے کو مکمل طور پر حل شدہ قرار دیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق تعطل کے سنگین اثرات کے پیشِ نظر طویل عرصے تک صورتحال کی نگرانی کی جائے گی تاکہ مزید اصلاحی اقدامات کی ضرورت کا جائزہ لیا جاسکے۔

مائیکرو سافٹ نے سروسز میں معطلی پر معذرت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سروسز میں تعطل نیٹ ورک کی گنجائش بڑھانے کے لیے کیے گئے اپ گریڈ کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔

مائیکرو سافٹ نے سائبر حملوں سے متعلق خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کا سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

مائیکرو سافٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کی جانب سے ملک بھر میں پروازیں روکنے کے فیصلے کا مائیکرو سافٹ کی کسی سروس سے تعلق ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ