کراچی یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائر سے نیپا تک بند

کراچی میں ترقیاتی کام کے باعث کراچی یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائر سے نیپا تک بند کردی گئی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ترقیاتی کام آج صبح 7 بجے شروع ہوگا، جیل چورنگی سے نیپا جانے والی ٹریفک متبادل راستے سے گزرے گی۔
ٹریفک ایڈوائزری میں ڈائیورژن اور متبادل راستوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔
جیل چورنگی سے مین یونیورسٹی روڈ کے راستے نیپا جانے والی ٹریفک کو نیپا سے حسن اسکوائر کی جانب آنے والی سڑک پر ڈبل ٹریک کے ذریعے گزارا جائے گا، مذکورہ ٹریفک مچھلی کٹ کے سامنے سے گزرتے ہوئے دوبارہ مین یونیورسٹی روڈ، نیپا کی جانب معمول کے مطابق روانہ ہو سکے گی۔
حسن اسکوائر برج سے یوٹرن لے کر مین یونیورسٹی روڈ کے ذریعے نیپا جانے والی ٹریفک کے لیے برج پر یوٹرن بند رہے گا، مذکورہ ٹریفک کو سیدھا غریب آباد کی جانب موڑ دیا جائے گا، جہاں سے شہری یوٹرن لے کر اپنی منزل کی جانب روانہ ہو سکیں گے۔
شہریوں سے گزارش ہے کہ دورانِ سفر متبادل راستے اختیار کریں، ٹریفک پولیس ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے موجود رہے گی۔
ٹریفک سے متعلق کسی بھی رہنمائی یا ایمرجنسی کی صورت میں ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ