اطالوی شیف کو پیزا پر انناس ڈالنے سے انکار کرنا مہنگا پڑ گیا

آسٹریلیا میں ایک اطالوی شیف کو پیزا پر انناس ڈالنے سے انکار کرنے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ لیبر تنازعات سے متعلق ادارے کی رپورٹ کے مطابق اطالوی شیف نے پیزا پر انناس ڈالنے کو اپنی ثقافت کی توہین قرار دیا تھا۔
آسٹریلیا کے فیئر ورک کمیشن کے فیصلے کے مطابق ڈیویڈ تمبوریلا کو مئی میں برسبین کے ریسٹورنٹ لا کوسٹا سے اس وقت برطرف کر دیا گیا جب انتظامیہ نے کام کی جگہ پر ان کے خلاف کئی شکایات گنوائیں، جن میں صارفین کے لیے ہیم اور انناس والے پیزا تیار کرنے سے انکار بھی شامل تھا۔
رپورٹ کے مطابق شیف نے اعتراف کیا کہ چار سال کے دوران یہ تیسرا موقع تھا جب انہوں نے پیزا پر انناس ڈالنے کی ہدایت ماننے سے انکار کیا۔ تازہ ترین تنازع مبینہ طور پر ایک ایسے صارف کے آرڈر سے متعلق تھا جس نے ہیم اور انناس والے پیزا طلب کیے تھے۔
فیئر ورک کمیشن میں اطالوی شیف نے کہا ایک اطالوی ہونے کی حیثیت سے پیزا پر انناس ڈالنا ان کی ثقافت کی توہین ہے۔ دوسری جانب لا کوسٹا کے مالک ایلیٹ انگراہم نے سوشل میڈیا پر کہا کہ تمبوریلا کو ملازمت سے فارغ کرنے کے فیصلے کے پیچھے متعدد وجوہات تھیں۔
ایک صارف نے لکھا یہ تو ایسی ضد ہے جس پر وہ اپنی ملازمت گنوانے کو بھی تیار ہوگئے۔ ایک اور صارف نے مؤقف اختیار کیا آپ کے کام کا تقاضا ہے آپ مینیو میں موجود کھانا تیار کریں۔ یا تو آپ اس سے اتفاق کریں یا وہاں سے کام چھوڑ دیں۔
تاہم بعض صارفین نے پیزا پر انناس ڈالنے کے حق میں بھی آواز اٹھائی۔ ایک نے کہا انناس ہی سب سے بہترین ہے۔ ایک اور صارف نے اس صورت حال کا موازنہ ایسے شیف سے کیا جو دوسرے گاہکوں کی پسند کا کھانا تیار کرنے سے انکار کرے۔ اس نے لکھا کھانا تو شیف کو نہیں کھانا۔
تمبوریلا نے فیئر ورک کمیشن میں اپنی برطرفی کو چیلنج کیا، تاہم ان کی درخواست مسترد کر دی گئی کیونکہ انہوں نے مقررہ 21 روزہ مدت گزرنے کے بعد درخواست دائر کی تھی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ